تحفظِ عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ پر اہم جلسہ، علماء و حفاظ کی خصوصی نشست

پورنیہ (سیل رواں):

عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ، عوامی شعور کی بیداری اور اس کے خلاف سرگرم فتنوں کے مؤثر تدارک کے لیے اتوار، 18 جنوری 2026 کو بعد نمازِ عصر تا دیر شب [بمقام سنکی ٹولہ شہریا۔ بلاک بیسہ، ضلع پورنیہ] ایک اہم دینی و فکری جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

تحفظ ختم نبوت کانفرنس کے منتظم حافظ محمد اشرف صاحب نے بتایا کہ جلسے کی تیاری بڑے پیمانے پر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام، ائمہ مساجد اور حفاظِ کرام کو باقاعدہ دعوت دی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہلِ علم کی شرکت ممکن ہو سکے۔ ان کے مطابق جلسے کے تمام انتظامی اور علمی پہلوؤں کو منظم انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے، تاکہ تحفظِ عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ کے اس اہم اجتماع کو مؤثر، بامقصد اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ انہوں نے اہلِ علم حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنی مصروفیات کے باوجود وقت نکال کر شرکت فرمائیں اور اس دینی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

اس سلسلے میں مولانا عارف حسین ندوی، ناظم تنظیم و ترقی جمعیت علماء ضلع پورنیہ نے بتایا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ اسلام کی بنیاد اور ایمان کا لازمی جزو ہے، جس کی حفاظت ہر دور میں پوری امت کی مشترکہ ذمہ داری رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس عقیدے کو درپیش چیلنجز کے پیشِ نظر اس پروگرام کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے۔

مولانا عارف حسین ندوی کے مطابق عصر سے مغرب تک علماء کرام و حفاظِ کرام کی ایک خصوصی نشست منعقد ہوگی، جس میں "تحفظِ ختمِ نبوت ﷺ اور ردِ شکیلیت” کے موضوع پر سنجیدہ گفتگو کی جائے گی اور اس فتنے کی "ضلع سطح پر قمع و بیخ کنی” کے لیے عملی لائحۂ عمل تیار کیا جائے گا۔ اسی بنا پر انہوں نے بیسہ بلاک کے تمام علماء کرام اور حفاظ سے اپیل کی کہ وہ عصر کی نماز جلسہ گاہ کی مسجد میں ہی ادا کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نمازِ مغرب کے بعد عمومی جلسہ ہوگا، جو دیر شب تک جاری رہے گا، جس میں مختلف علماء کرام کے خطابات ہوں گے اور عوام کی دینی رہنمائی کی جائے گی۔

آخر میں مولانا عارف حسین ندوی نے مقامی علماء، ائمہ مساجد، حفاظِ کرام اور اہلِ علم حضرات سے پُرزور اپیل کی کہ وہ اس اہم دینی اجتماع میں شرکت کو یقینی بنائیں، تاکہ یہ جلسہ کامیاب ہو اور دینِ اسلام کی سربلندی کا باعث بنے۔ ان شاء اللہ۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔