بلد امین مکہ مکرمہ کے شیخ نے مدنی مسجد جامعہ مدنیہ سبل پور، پٹنہ میں جمعہ کی امامت فرمائی اور خطاب عام کیا
(سیل رواں) رپورٹ: خالد انور پورنوی
یہ مدرسے دین کے قلعے ہیں،اس کی حفاظت اور بقاء ضروری ہے،یہاں علوم نبویہ کی تعلیم دی جاتی ہے،وہ سبھی طلبہ قابل مبارکباد ہیں ،جو علوم نبویہ کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں،یہ باتیں بلدامین مکۃ المکرمہ کے امام وخطیب،فضیلۃ الشیخ مولاناقاری مصعب حسان مدنی بن عارف باللہ حضرت مولاناقاری حسان مہاجرمدنیؒ نے جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ کی وسیع وعریض مدنی مسجد میں خطاب کرتے ہوئے کہیں،
ازیں قبل حضرت مولانا قاری مصعب حسان مدنی نے جمعہ کی نماز کی امامت فرمائی،اور خطاب عام کیا،انہوں نے کہا: علماء کرام انبیاء کے وارث ہیں،اس لئے ان سے رشتہ جوڑنے میں ہی عافیت ہے،انہوں نے عام لوگوں کی توجہ دلائی کہ آج الحاد وبے دینی عام ہے، ارتداد کی آندھی چل رہی ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ ہمارا رشتہ عام لوگوں سے مضبوط رہے۔
جامعہ مدنیہ سبل پور، پٹنہ کے طلبہ کی کثرت کو دیکھ کر خوشی کا اظہار فرمایا، اور کہاکہ والد صاحب حضرت مولانا قاری حسان مدنیؒ خلیفہ اجل شیخ الحدیث حضرت مولانا زکریا صاحب مہاجر مدنیؒ یہاں تشریف لاتے تھے،اور اس ادارہ کے بانی حضرت مولانا محمد قاسم ؒ (سابق پرنسپل وشیخ الحدیث مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ پٹنہ) سے ان کے روابط بہت ہی مضبوط ومستحکم تھے،اللہ ہمارے اکابرعلماء کی مغفرت فرمائے، آمین
عصر کی نماز کے بعد مجلس احسان وسلوک قائم ہوئی،جس کی قیادت بلد امین مکہ مکرمہ کے امام وخطیب فضیلۃ الشیخ مولانا قاری مصعب حسان مدنی نے کی،اور ماہانہ مجلس ذکر کا آغاز کیا،اور بڑی رقت آمیز دعاء فرمائی،جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ کے معاون مہتمم جناب مولانامرغوب الرحمن صاحب قاسمی صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار ودیگر اساتذہ کرام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا،حضرت شیخ نے گھوم گھوم کرجامعہ کامعائنہ فرمایا، اور زیر تعمیر مسجد قاسم کے لئے خصوصی دعاء بھی فرمائی،حضرت شیخ کی آمد کے ساتھ ان کے خلیفہ ومجاز جناب حضرت مولانااظہارعالم قاسمی پرنسپل مدرسہ نورالہدیٰ مچھیلا کیلاباڑی ارریہ،ودیگرحضرات علماء کرام ،ودانشوران نے بھی شرکت کی،اور خوشی کا اظہارفرمایا۔
مغرب کی نماز کے بعد یہ قافلہ یہاں سے روانہ ہوگیا۔