بہار انتخابات منسوخ کرنے کی مانگ مسترد، سپریم کورٹ نے پرشانت کشور کی جن سُوراج پارٹی کو جھٹکا

نئی دہلی:

سپرِیم کورٹ نے بہار اسمبلی انتخابات 2025 کو منسوخ کرنے سے متعلق پریشانت کشور کی سیاسی جماعت جن سُوراج پارٹی کی عرضی مسترد کر دی۔ عدالت نے سماعت کے دوران پارٹی کے دلائل پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ انتخابی نتائج کو براہِ راست سپریم کورٹ میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ جن سُوراج پارٹی نے پہلی مرتبہ ریاست میں منظم انداز میں انتخابی میدان میں قدم رکھا تھا، تاہم نتائج توقعات کے مطابق نہ آنے پر پارٹی نے الزام لگایا کہ ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود خواتین کے کھاتوں میں 10 ہزار روپے کی مالی امداد منتقل کی گئی جس سے ووٹروں پر اثر پڑا اور انتخابی عمل متاثر ہوا۔ اسی بنیاد پر انتخابات کالعدم قرار دینے کی اپیل کی گئی تھی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پارٹی سے استفسار کیا کہ ’’آپ کو کتنے ووٹ ملے؟‘‘ اور کہا کہ ایسے معاملات میں پہلے متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنا قانونی تقاضا ہے۔ عدالت نے محض الزامات کی بنیاد پر پورے انتخابی عمل کو رد کرنے سے انکار کرتے ہوئے عرضی خارج کر دی۔

قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے واضح پیغام ملا ہے کہ انتخابی تنازعات کے حل کے لیے طے شدہ عدالتی طریقۂ کار اختیار کرنا ضروری ہے، جبکہ جان سُراج پارٹی کے لیے اسے ایک بڑا سیاسی دھچکا تصور کیا جا رہا ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔