اعظم گڑھ، سیل رواں:
جامعۃ الرَّشاد کے سالانہ امتحانات کے نتائج نے ایک بار پھر ادارے کی علمی سنجیدگی، تربیتی استحکام اور طلبہ کی مسلسل محنت کو نمایاں کر دیا۔ مختلف درجات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ نے اپنی قابلیت اور یکسوئی کا بھرپور ثبوت پیش کرتے ہوئے جامعہ کے تعلیمی وقار میں اضافہ کیا۔ اہلِ علم نے اس کامیابی کو اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی، والدین کی دعاؤں اور جامعہ کی پاکیزہ دینی و تعلیمی فضا کا بابرکت ثمر قرار دیا۔
نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے اعزاز میں جامعہ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ناظمِ مدرسہ مولانا عامر رشادی مدنی، مولانا ابوذر مدنی، حافظ محمد جابر اور ڈاکٹر محمد نعیم صدیقی سمیت دیگر اساتذہ کے ہاتھوں کامیاب طلبہ میں گراں قدر انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر طلبہ کے چہروں پر مسرت اور اعتماد کی جھلک نمایاں تھی اور یہ اعزاز ان کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنا۔
تقریب کے دوران جامعہ کے تعلیمی و انتظامی نظم کو بھی سراہا گیا، بالخصوص مولانا اسامہ رشادی ندوی کی حسنِ انتظام، محنت اور ذمہ دارانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں شریک معزز علما، [ جن میں مولانا برکت اللہ قاسمی، مولانا جہانگیر مظاہری، مفتی وسیم احمد قاسمی اور مفتی غفران احمد قاسمی بھی شامل تھے] نے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جامعۃ الرَّشاد کی دینی و تعلیمی خدمات کو مثالی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ محض درسگاہ نہیں بلکہ کردار سازی، اخلاقی تربیت اور خدمتِ دین کا ایک مؤثر مرکز ہے۔
آخر میں جامعۃ الرَّشاد کی مزید ترقی، استحکام اور قبولیت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یہاں کے طلبہ علم و عمل کے روشن چراغ بن کر دین و ملت کی خدمت کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔