بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بار ہونے والے انتخابات میں راجیہ سبھا کے رکن بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی زندگی کے آغاز سے ہی ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ بہار کی مقننہ کے دونوں ایوانوں کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی رکنیت حاصل کریں۔
فیس بک پوسٹ میں نتیش کمار نے گزشتہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک عوام کی جانب سے ملنے والی مسلسل حمایت اور اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اسی اعتماد اور تعاون کی بدولت انہیں بہار کی خدمت کا موقع ملا اور ریاست آج ترقی اور وقار کی نئی مثال پیش کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ پوری ایمانداری کے ساتھ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کا یہ رشتہ آئندہ بھی برقرار رہے گا اور وہ عوام کے ساتھ مل کر ایک ترقی یافتہ بہار کی تعمیر کے عزم پر قائم رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ جو نئی حکومت تشکیل پائے گی، اسے ان کا مکمل تعاون اور رہنمائی حاصل رہے گی۔