مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026: دوسرے مرحلے کی پولنگ جاری، بھوانی پور مرکزِ نگاہ

کولکاتا: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے کی پولنگ آج بدھ کے روز صبح سات بجے شروع ہوگئی، جس میں ریاست کی 142 نشستوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ اس مرحلے کو انتخابی عمل کا فیصلہ کن مرحلہ تصور کیا جا رہا ہے، جہاں عوام کی بڑی تعداد اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اس مرحلے میں تقریباً 3.22 کروڑ ووٹرز ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، جبکہ 1400 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ کولکاتا، شمالی و جنوبی 24 پرگنہ، ہاوڑہ، ہوگلی، ندیا اور پوربا بردھمان سمیت مختلف اضلاع میں ووٹنگ کا عمل پُرامن طور پر جاری ہے۔

اس مرحلے کی سب سے اہم نشست کولکاتا کی بھوانی پور ہے، جہاں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور بی جے پی کے سینئر رہنما سویندو ادھیکاری کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ نشست پورے انتخابی منظرنامے پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔

پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی فورسز کی بڑی تعداد حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔

دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام، خصوصاً نوجوانوں اور خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈال کر جمہوری عمل کو مضبوط بنائیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس مرحلے کے نتائج ریاست میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی پوزیشن مستحکم کرنے یا اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی کی پیش قدمی کا راستہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی، جس کے بعد حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔