ترواننت پورم: کیرالہ کی نئی کانگریس۔یو ڈی ایف حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی عوامی فلاح سے متعلق کئی بڑے فیصلے کیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن کی صدارت میں منعقدہ پہلی کابینہ میٹنگ میں خواتین کے لیے سرکاری بسوں میں مفت سفر اور آشا ورکرس کے اعزازیہ میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
حکومت کے فیصلے کے مطابق 15 جون سے ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (KSRTC) کی عام اور موفصل بسوں میں خواتین بلا معاوضہ سفر کر سکیں گی۔ حکومت نے کہا ہے کہ یہ اقدام خواتین کو معاشی راحت فراہم کرنے اور عوامی نقل و حمل کے استعمال کو فروغ دینے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔
کابینہ نے آشا ورکرس کے ماہانہ اعزازیہ میں تین ہزار روپے اضافے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے بعد ان کا ماہانہ اعزازیہ 9 ہزار سے بڑھا کر 12 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت مرحلہ وار طور پر صحت کارکنان کی فلاح کے لیے مزید اقدامات بھی کرے گی۔
اس کے علاوہ آنگن واڑی ورکرس، مڈ ڈے میل ملازمین، پری پرائمری اساتذہ اور آیا کارکنان کے اعزازیہ میں بھی ایک ہزار روپے ماہانہ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک الگ محکمہ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ حکومت کے ان فیصلوں کو یو ڈی ایف کے انتخابی وعدوں پر عمل درآمد کی سمت میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔