مدینہ منورہ میں رامائن

از:- محمد فہیم الدین بجنوری

ریاض میں رامائن کا پوسٹر بر صغیری مسلمانوں کے لیے دہرا تہرا صدمہ ہے: مقدس سرزمین پر رقص و سرود کے مظاہر وحشت انگیز واقع ہوتے ہیں، وہ دین و مذہب کا سرِ رشتہ ہے، دوسرے ہم جبہ و دستار ناچ سے مانوس نہیں، میں نے دبئی ولیج میں یمنیوں کو ہنگامہ آرائے طرب دیکھا تو آنکھیں رگڑیں کہ خواب تو نہیں، تیسرے زیر بحث فلم خاص نظریے کی تبلیغ ہے، ہم یہاں وطن عزیز میں اس کی جارحیت کے شکار ہیں، فلمیں اور بھی ممکن تھیں؛ لیکن دشمن فکر کے احیا کا حصہ بننا پورے طور پر صبر شکن ہے، اس پوسٹر نے زخموں پر نمک چھڑک دیا، ہندوستانی مسلمانوں کی بے چینی فطری ہے؛ بل کہ آسمان سر پر اٹھانا تھا۔

نظریہ دو ہزار تیس وہاں ہر قباحت کا جواز بن گیا ہے، بے تکے اقدامات کیے گئے، یہ پوسٹر تو ریاض میں علمِ فتح لہرا رہا تھا، خود مدینہ منورہ کی حرمت پامال ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے شہر میں سنیما ہال چل رہے ہیں، رامائن بھی امپائر سنیما راشد میگا مال میں دادِ نمائش دے رہی ہے، مدینہ منورہ کی سرزمین پر رامائن میلہ ہم جیسے قدامت پرستوں کے نقطۂ نظر سے قیامت کی بڑی علامتوں کے برابر ہے، وہ کہتے ہیں کہ حدود حرم سے باہر بنائے گئے ہیں، بنی اسرائیلی باتیں غضبِ الہی کی داعی ہیں، ہفتے کے روز رکاوٹ کھڑی کریں گے، اتوار کو مچھلی پکڑنی ہیں، اللہ تعالی کے سامنے اسمارٹ بنتے ہیں۔

یہ حرمِ مدینہ کا احترام ہے کہ آپ حد الحرم کی جڑ میں سنیما تعمیر کریں؟ روضۂ نبی سے پانچ کلو میٹر کی دوری کوئی مسافت ہے؟ یہ تاویلِ مجرد ہے کہ حرمِ مدنی سے باہر واقع ہیں، جبلِ عیر اور ثور کے بعد بنائے گئے ہیں؟ کیوں کہ مدینہ منورہ شہر کی حرمت مستقل ہے، آپ کے فلم ہال شہرِ مدینہ میں ہیں اور مدینہ منورہ کے باشندوں کے لیے بنائے گئے ہیں، مدینہ منورہ ایک آبادی ہے اور وہ جہاں تک وسعت پاگیا ہے مدینہ ہی ہے، آپ کی حدود والی بحث کو تسلیم بھی کریں تو شاہوں کے حرم کا بھی ایک حرم ہوتا ہے، ان کی چراگاہوں کا بھی حرم ہوتا ہے، یہ بے حرمتی ہے کہ آپ وسطِ شہر "سوقِ بداں” یہ کہہ کر قائم کردیں کہ پہلے آپ نے حد کی لکیر یہاں تک کھینچی تھی اور وہاں تک کھینچی تھی۔

مدینہ منورہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا شہر ہے، یہی اس کی اصل عرفیت ہے، وہاں کی سکونت عشقِ رسول سے مشروط ہونی تھی، ہر کس و ناکس بس گیا ہے، سنیما ہالز کا قیام باشندوں کی چغلی کھاتا ہے، فلم دیکھنے باہر سے نہیں آتے، رسد ہمیشہ طلب پر انحصار کرتی ہے، وہاں کے لوگوں کو فلم بینی کی طلب تھی، فلم گھروں کی تعمیر نتیجہ ہے، یہ شہری انسانی زنگ ہیں، شہریت کے اہل نہیں، وہ شہر قدس شیخ زکریا کو زیب دیتا ہے، ہم جیسے بہائم کہ جن کی زندگی خلطوا عملا صالحا و آخر سیئا کی ڈگر پر گامزن ہے ان کے لیے ہندوستان گیری لازم ہے، چوہا خوری کرتے رہیں، جب سو چوہے کھا چکیں تو روتے بلکتے مدینہ منورہ حاضر ہوں اور سفارش وشفاعت کی درخواست گزار کر صنم خانہ لوٹ جائیں، صنم گردی کے لیے مدینہ منورہ کی سکونت اختیار نہ کریں۔

غالب کی غیرت دیکھیں، وہ رند ہو کر بھی ادب شناس تھا، کعبہ کس منہ سے جاؤ گے غالب، شرم تم کو مگر نہیں آتی، یہاں عینِ تقدس منہ کالا کیا جا رہا ہے، مدینہ منورہ کا رونا تنزل ہے؛ کیوں کہ پورا سعودی عرب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا گھر آنگن ہے، دمام اور ریاض جیسے دور دراز شہروں میں بھی آپ کے جوار کی خوشبو مہکتی ہے، وہ میزبان اور صاحبِ دسترخوان محسوس ہوتے ہیں، آپ نے مدینہ منورہ تک محدود کیا، پھر اس کی رعایت سے بھی مکر گئے، قومِ سبا کو قدرتی خوش حالی راس نہیں آئی، ناشکری میں مبتلا ہوے اور مارے گئے، آپ اسی تاریخ کو دہرا رہے ہیں، قدرتی وسائل میں آپ کو فاتحِ عالم کا درجہ عطا ہوا، غنی اور بے نیاز بنائے گئے؛ لیکن رب کی نوازش متاعِ اطمینان نہیں، دو ہزار تیس کے نئے وسائل ہی مسکن قرار پائے، مصنوعی وسائل کے وہم میں حقیقی وسائل کی ناشکری اور مصنوعی مالکین کی خوشنودی میں حقیقی مالک کی خفگی تباہ کن اشارے ہیں، اللہ کی سنت یکساں ہے، اس میں تبدیلی ممکن نہیں۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔