سماج وادی پارٹی سربراہ کا رام مندر دورہ

ازقلم: محمد فہیم الدین بجنوری

بارہ دسمبر کو مقررہ رام مندر دورے کی خبر انتہائی مایوس کن ہے، سیکولر لیڈران اعتماد کے فقدان میں مبتلا ہیں، پھر بڑی لڑائی کیوں کر لڑ سکتے ہیں؟ خالص سیاسی نقطۂ نظر سے بھی اس اقدام کی کوئی گنجائش نہیں تھی، آمادۂ خود کشی نظر آتے ہیں، پاؤں پر کلہاڑی مارنے جا رہے ہیں، خود کردہ را علاجے نیست، گھر کا نہ گھاٹ کا بننے کا شوق اٹھا ہے، چلو ہنس کی چال بھی آزما لو!

بابری مسجد قضیہ مسلمانوں کا دائمی زخم ہے، آپ اسے کبھی بھی تازہ اور ہرا کر سکتے ہیں، بابری مسجد قابلِ نسیان نہیں، ملت کا اجتماعی حافظہ ہے، بھلائی گئی ہے نہ بھلائی جائے گی، آپ کا دورہ نمک پاشی ہے، بارہ دسمبر کو آپ چھ دسمبر کا صدمہ یاد دلائیں گے، آپ نے ایم آئی ایم کا طعنہ درست ثابت کر دیا ہے کہ یوپی کے مسلمان آپ کے بندھوا مزدور ہیں، آپ کو ووٹ نہیں مسلم بیگار ملتی ہے۔

بابری مسجد مذہبی آزادی اور تاریخی وراثت سے آگے عدل و انصاف کا مسئلہ بھی ہے؛ حتی کہ ہندؤوں کی بھی ایک تعداد کو اعتراض رہا، انصاف پسند غیر مسلموں نے ایودھیا فیصلے سے اتفاق نہیں کیا تھا، خود فیصلہ ایک داستان کہتا ہے، آپ کا جانا فیصلے پر مہر، جبر کی تائید، زبردستی کی حمایت اور کورٹ میں ثابت شدہ ایک سنگین جرم کی طرف داری ہے، کلیان سنگھ کا سپا ایپی سوڈ بھول گئے؟ یا عبرت پرانی ہو گئی تھی؟

بیانیہ بے آبرو ہوگا، ایک سو اسی درجے کا یوٹرن ہمیشہ نتائج لاتا ہے، اس نوعیت کا بڑا فیصلہ نپا تلا ہونا چاہیے، جذبات کی رو میں نہیں بہہ سکتے، راتوں رات کیسے طے کر لیا؟ نہ جانے کے لیے دس جواب تھے، جن میں ہر جواب معقولیت کا حامل ہوتا، جانے کی کوئی آزاد وضاحت ممکن نہیں، خود کو کھلونا بنا لیا، لوٹے کی تلی کو ثبوت کا مطالبہ درپیش ہوگا، دفاع مسلط کر لیا، حریف کو اقدام تھما دیا۔

مسلمانوں کے لیے بعض امور لایزال ہیں، وہ خاموش ہو سکتے ہیں، لاتعلق نہیں، بابری مسجد ان معاملات میں سرِ فہرست ہے، ان کی سرگذشت ضرور ہاری ہے؛ مگر عہد سدا بہار اور ناقابل تسخیر ہے؛ چناں چہ وہ ماورائے عدالت مفاہمت پر راضی نہیں ہوے تھے، نیز تبادلے میں دی گئی زمین پر کبھی جھانکنے نہیں گئے، نزاع کی راکھ غنیمت تھی، ہمارے ووٹ کی سواری پر ایودھیا دورہ راکھ کو کریدتا ہے، آگ کے نشان تلاش کرتا ہے، سلگنے پر مجبور کرتا ہے۔

آپ سیکولر ٹیوشن لو، غیر مذہبی سیاست کے خد وخال سمجھو، جمنوں کی حرکتیں بھی غلط ہیں جب وہ لال عربی رومال اور اسلامی ٹوپی پہناتے ہیں، مزار، مسجد اور مدرسہ حاضری بالکل زائد ہے، شرعی لحاظ سے بھی بعض امور قابلِ اعتراض ہیں، ملکی ترقی کے سوا ہر بات فضول ہے، سیکولر ہو تو مذہب تک کیوں جاتے ہو؟ عوامی مسائل کی جگہ مذہبی علامتوں کو اہمیت دینا بی جے پی کا معروف سیاسی فراڈ ہے، آپ بھی وہی فریب دہرا رہے ہیں، مدے پر رہو، ووٹ برائے بہبود پر قائم رہو، اس تل میں بہت تیل ہے۔

آپ دھرم کی سیاست میں پیش نہیں لے جا سکتے، اس کے جملہ حقوق بحق بی جے پی محفوظ ہیں، دھرم کی ترجیح والا ایک بھی ہندو ووٹ آپ کو نہیں ملے گا، کیجری وال اس کی بہترین مثال ہے، اس نے بی جے پی سے بڑھ کر ہندو وضع اختیار کی، ہندو مندروں کے لیے اسفار مفت کیے، ملکی کرنسی پر ہندو دیوتا کی فوٹو چھاپنے کی تجویز دی، سرکاری خرچ پر چالیسا پروگرام کرائے، خود نیشنل ٹی وی پر چالیسا گایا، وغیرہ وغیرہ۔

لیکن ہندؤوں نے بھروسا نہیں کیا، اسے عبرت ناک شکست ہوئی، ہندو مذہب کی پچ پر بی جے پی کا مقابلہ ممکن نہیں، ان کے لیڈر دوہزار دو کے گجرات فسادات پر کھڑے ہیں، آپ کے پاس کوئی گجرات یادگار نہیں جو دھرم پرستوں کا اعتماد جیت سکے، کیجری وال آغاز کر رہا تھا جب کہ حریف دوہزار مسلم لاش کی کارکردگی رکھتے تھے، آپ بھی لاحاصل ابتدا کی کوشش میں ہیں، خوش بخت ہے جو مثال سے عبرت لے، خود مثال نہ بنے۔

اکھلیش کے ایودھیا اعلان نے مجلس کو موقع دے دیا، اویسی صاحب اسے پارک کے باہر مارنے والے ہیں، بارہ دسمبر کے بعد اویسی حصص میں اچھال دیکھا جائے گا، بی جے پی کی جیت آسان ہو گئی، کل تک یادو جی مقابلے میں تھے، اب مقابلے کی بات یقینی نہیں رہی، سماج وادی سربراہ کے ایودھیا بلنڈر کے بعد مایاوتی ایک آپشن تھا؛ لیکن اس نے ہتھیار ڈال رکھے ہیں، اس کی سیاست ووٹ کٹنگ برائے بی جے پی اور ٹکٹ فروشی برائے خود تک محدود ہے۔

یوپی کے مسلمان ایک سیاسی مشاورتی محاذ بنائیں اور مکمل حمایت راہول گاندھی کو پیش کریں، اکھلیش کو بتادیں کہ ان کا ووٹ انڈیا گٹھ بندھن کو ہے، خاص سپا کو نہیں، مسجد بیوفائی کے بعد آپ کے لیے ووٹنگ نہیں کر سکتے، راہول کو اکسائیں کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں مساوی حصہ طلب کریں، بیس پچیس فی صد مسلم ووٹ اب کانگریس کا ہے، سپا اعتبار بارہ دسمبر کی بھینٹ چڑھ گیا۔

راہول ملک بھر کے مسلم ووٹوں کا اولین حق دار ہے، آر ایس ایس اور بی جے پی کے طوفان میں چٹان صفت واقع ہوا، جان کی بازی لگا رکھی ہے، پے در پے ہزیمت بھی سوچ متاثر نہیں کر سکی، جب تک راہول کا یہ منصفانہ رویہ باقی ہے ہر مسلم ووٹ اس کا قرض ہے، رام مندر دورے کے لیے راہول پر دباؤ کم نہیں، زیادہ ہی ہوگا؛ مگر اصول پسند انسان سمجھوتہ نہیں کرتا، بد عہد سیکولر لیڈروں کو سبق سکھانے کے لیے زیادہ آپشن نہیں ہیں؛ تاہم دست یاب راستوں میں آج کی کانگریس موزوں ترین ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔