بیت اللہ کی زیارت عظیم سعادت: مفتی محمدسعیدالرحمٰن قاسمی

پھلواری شریف، پٹنہ: امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ ومغربی بنگال کے معاون ناظم اور شعبۂ تعلیم کے نگراں مولانا محمد ابوالکلام شمسی صاحب 21 /ستمبر کو عمرۂ مبارک کے سفر پر روانہ ہو رہے ہیں، ان کے اعزاز میں ایک دعائیہ نشست ناظم امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ مولانا مفتی محمدسعیدالرحمن قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں امارتِ شرعیہ کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر ناظم صاحب نے شرکائے مجلس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے گھر کی زیارت اور دیدار سے قلب و جگر منور ہوتا ہے، عبودیت اور بندگی کے جذبے میں ایمانی حرارت کی لہر دوڑتی ہے،یہ سعادت خوش نصیب مومن بندوں کو ہی حاصل ہوتی ہے،میں مولانا ابوالکلام شمسی کو مبارک باد دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نےانہیں اپنے گھر کی دوبارہ زیارت کی سعادت عطا کی،مولانا اس سے قبل حج و زیارتِ بیت اللہ سے شرف یاب ہو چکے ہیں اور اب یہ دوسرا موقع عمرہ کا ملا ہے اللہ ان کے اس مبارک سفر کو شرفِ قبولیت سے نوازے،ناظم صاحب نے مزید کہا کہ امارتِ شرعیہ کی نسبت اور اس کی خدمت بھی بڑی سعادت مندی کی علامت ہے اس وقت یہ ادارہ امیرِ شریعت بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ، حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی فعال قیادت میں ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہے، اس پر ہم سب لوگ اللہ کا شکر ادا کریں اور مولانا موصوف ادارے کے لیے مقدس مقامات پر دعاؤں کا اہتمام بھی فرمائیں، اور جن لوگوں نے اب تک حج یا عمرہ نہیں کیا ہے، ان کے لیے بھی مقاماتِ مقدسہ پر دعا کریںکہ اللہ تعالی انہیں بھی اپنے گھر کی زیارت کی سعادت نصیب فرمائے ، مولانا ابوالکلام شمسی صاحب، معاون ناظم امارتِ شرعیہ نے کہا کہ آپ حضرات نے جس حسنِ ظن کے ساتھ یہ مجلس منعقد کی ہے، اللہ سے دعا فرمائیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق بخشے کہ ہم آپ سب لوگوں کے لیے مقاماتِ قبولیت پر دعا کریں،مولانا موصوف نے آب دیدہ ہوکر مجلس سے اس مبارک سفر کو آسان کرنے کے لئے دعا کی درخواست کی۔

امارتِ شرعیہ کے نائب ناظم مولانا مفتی محمد ثناء الہدٰی قاسمی صاحب نے اجتماعی طور پر دعا کرائی، مجلس کا آغاز مولانا راشد انور قاسمی کی تلاوتِ قرآن سے ہوا،مولانا مفتی محمد مجیب الرحمن قاسمی معاون قاضیِ شریعت نے آقائے دوجہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا اور آخر میں یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔