شادی بیاہ کی بے جا رسومات کے خلاف اہم نشست
شادی بیاہ کے موقع پر بیجا اسراف اور غیر شرعی رسومات کے سدباب کے لیے علمائے کرام کی ایک اہم نشست
آج مورخہ 7 مارچ 2023 عیسوی/مریم گرلس انٹرنیشنل اسکول روٹا، ضلع پورنیہ میں شادی بیاہ کی تقریبات میں بیجا فضول خرچی اور غیر شرعی رسومات و بدعات کے سد باب کیلئے بیسہ اور امور بلاک کے تقریباً 40 سے زاید علمائے کرام کی ایک اہم مجلس منعقد ہوئی ۔ جس کی صدارت دارالعلوم امور، ضلع پورنیہ کے ناظم جناب مولانا ومفتی شمس توحید صاحب مظاہری نے فرمائی ہے۔
مجلس کا آغاز جناب قاری نجم السحر صاحب اعظمی مہتمم جامعہ سیدنا عمر فاروقؓ اورا نندنیاں کی تلاوت سے ہوا اور مولانا شمیم اختر صاحب ندوی ڈائریکٹر مریم گرلس انٹرنیشنل اسکول روٹا نے مجلس کے اغراض و مقاصد پر مختصر روشنی ڈالی ۔بعد مفتی دانش انور صاحب قاسمی مہتمم جامعہ تحسین القرآن للبنات گسترہ نے مشورہ کے آداب پر بات کی۔ اور بالترتیب علمائے کرام و مفتیان عظام سے درج ذیل عنوانات پر اظہار خیال کرنے کی درخواست کی:
- شادی بیاہ کے موقع پر ہونے والے خرافات و رسومات کا سدباب
- بارات کا عمومی رواج اور اس میں تعداد کی کثرت ، اسی طرح 70 بول کر 200 باراتیوں کا لےجانے جیسے غیر شرعی طریقۂ کار پر روک
- جہیز اور تلک جیسی وبا پر روک
- ناقابلِ ادا دین مہر اور سکہ رائج الوقت سے ہٹ کر اشرفی سے دین مہر طے کرنا
- بیٹی والوں کا ولیمہ سمجھ کر بھوج کرنا اور اس میں دعوت کی کثرت اور فضول خرچی
- دعوتِ طعام پر چومانہ کے نام سے پیسے بٹورنا وغیرہ۔
چنانچہ مذکورہ بالا برائیوں اور غیر شرعی رسومات سے معاشرہ کو پاک صاف کرنے اور ایک بہتر اور خوبصورت سماج کی تشکیل کیلئے بیسہ اور امور بلاک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے علمائے کرام نے متفقہ طور پر یہ عزم لیا کہ ہم ان برائیوں اور غیر شرعی خرافات کے سدباب کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے اور اس کیلئے ہمیں جو بھی قربانیاں دینی پڑیں گی ہم دیں گے __ اسی فکر کو ایک مضبوط شکل میں بروئے کار لانے کےلئے باتفاق شرکائے مجلس یہ طے پایا کہ اس مجلس کو مزید وسعت دی جائے اور اس میں گاؤں سماج کے بااثر سرکردہ ودانشور حضرات کو بھی جوڑا جائے اور شریعت کی روشنی میں ایک ٹھوس غیرمتزلزل لائحہ عمل طے ہو۔جس کے لئے اگلی نشست کی تاریخ 27 اپریل2023/مطابق 6 شوال المکرم 1444ھ بروز جمعرات طے کی گئی ہے اور یہ نشست دارالعلوم امور، ضلع پورنیہ کے احاطہ میں مقررہ تاریخ میں 9 بجے صبح تا 12 بجے دن منعقد ہوگی ۔ انشاءاللہ العزیز۔
مجلس میں مدرسہ صفات العلوم اورا کے صدر مدرس اور جمعیۃ علما بیسہ بلاک کے سکریٹری مفتی عبدالغنی قاسمی، مولانا ابوصالح صاحب قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علما ضلع پورنیہ، مولانا حماد کیفی قاسمی استاذ مدرسہ اسلامیہ عربیہ نندنیاں، مولانا عارف حسین ندوی صدر مدرس مدرسہ غنچہ اسلام دھرمباڑی، مولانا نعمان صادق صاحب مظاہری، جناب مفتی صلاح الدین صاحب مظاہری استاذ دارالعلوم امور، مفتی محمد قیصر صاحب قاسمی، جناب سید عالم صاحب ندوی، جناب مولانا مطیع الرَّحمن صاحب قاسمی، جناب مفتی عبدالباری صاحب قاسمی کے علاوہ بڑی تعداد میں علمائے کرام ومفتیان نے شرکت فرمائی۔ اور سبھوں نے موضوع کی حساسیت، حالات کی نزاکت، شریعت کے تقاضے اور اپنی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ عہد لیا کہ ہم سب حتی المقدور اور بساط بھر ان سماجی برائیوں کے سدباب کے لیے ممکن کوشش کریں گے اورعوام الناس وسماجی ذمہ داران سے اپیل کی کہ آئندہ ہونے والی نشست میں بڑی تعداد میں عوام وخواص تشریف لائیں۔