جمہوری اور سیکولر ملک میں  بقائے باہم کے  اصول
جمہوری اور سیکولر ملک میں  بقائے باہم کے  اصول

جمہوری اور سیکولر ملک میں بقائے باہم کے اصول ✍️ مسعود جاوید ___________________ پچھلے دنوں ٹرین پر سوار بعض مسافروں کا ریل گاڑی کے ڈبوں کی راہداریوں میں نماز ادا کرنے کے موضوع پر کچھ لکھا تھا اس پر بعض پرجوش مسلمانوں بالخصوص فارغين مدارس اور دینی جماعتوں سے نسبت رکھنے والوں نے ناراضگی کا […]

مردِ مجاہد بھی، طبیبِ حاذق بھی

✍️ محمد رضی الاسلام ندوی

_____________________

برادر مکرّم حکیم شاہد بدر فلاحی کی نمازِ جنازہ میں شرکت کرکے ابھی لوٹا ہوں – دل پر بھاری بوجھ ہے – ان کی سرگرم اور پُر عزیمت زندگی نگاہوں کے سامنے ہے اور تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ پر مشتمل ان سے تعلق کی یادیں امڈ امڈ کر آرہی ہیں –
کئی دن پہلے بھائی شاہد بدر کو برین ہیمرج ہونے کی خبر آئی تھی – دوسرے دن ان کے صاحب زادے عمیر کو فون کرکے حال معلوم کیا تو اس کی اس بات نے تشویش میں مبتلا کردیا کہ کوئی خاص افاقہ نہیں ہوا ہے – آج ساڑھے دس بجے صبح جامعۃ الفلاح کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کے لیے اعظم گڑھ پہنچا – ارادہ کرلیا تھا کہ آج کے اجلاس سے فارغ ہوکر عشاء کی نماز کے بعد ان کی عیادت کے لیے جاؤں گا ، لیکن افسوس کہ دوپہر ہی میں ان کے انتقال کی خبر آگئی – عشاء کے بعد چند رفقاء : مولانا محمد طاہر مدنی سابق ناظم جامعۃ الفلاح ، ڈاکٹر ملک محمد فیصل امیر جماعت اسلامی ہند حلقہ اترپردیش مشرق اور ڈاکٹر رضوان احمد رفیقی اسسٹنٹ سکریٹری جماعت اسلامی ہند کے ساتھ ان کے گاؤں (من چوبھا) پہنچا ، لیکن ملاقات اور عیادت کے لیے نہیں ، بلکہ ان کے جنازہ میں شرکت کے لیے –
علی گڑھ میں میرا اور شاہد بدر صاحب کا طالب علمی کا زمانہ تقریباً ایک ہے – میں اجمل خاں طبیہ کالج سے 1989 میں بی ایم ایس کرچکا تھا اور غالباً اسی برس ان کا داخلہ ہوا تھا ، پھر میں 1994 میں ایم ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ادارۂ تحقیق و تصنیف اسلامی جوائن کرچکا تھا اور ان کی فراغت 1996 میں ہوئی تھی – ہمارے درمیان کئی گہری مناسبتیں تھیں : طب کی تعلیم ، طلبہ تحریک سے تعلق اور تحریر و تصنیف سے دل چسپی – ان مناسبتوں نے آخر تک ہمیں ایک دوسرے سے جوڑے رکھا – قیامِ علی گڑھ کے زمانے میں وہ جب چاہتے ، ادارۂ تحقیق آجاتے ، رسائل کا مطالعہ کرتے ، خاص طور سے ماہ نامہ زندگی نو کی قدیم فائلیں دیکھتے ، کبھی زیراکس کے لیے لے جاتے اور کچھ موضوعات پر مشورہ کرتے –
میں نے 1994 میں طلبہ تحریک ( اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا) سے ریٹائر ہوکر تھوڑی مدّت کے بعد جماعت اسلامی ہند میں شمولیت اختیار کرلی ، وہ طلبہ تحریک میں سرگرم رہے ، بلکہ اس میں آگے بڑھتے گئے ، یہاں تک کہ انہیں اس کا کل ہند صدر بنا دیا گیا – بھائی شاہد بدر اس اعتبار سے تاریخ کا حصہ بن گئے کہ انہی کے عہدِ صدارت میں طلبہ تحریک پر حکومت کی جانب سے پابندی عائد کردی گئی – انہیں اور طلبہ تحریک کے ارکان کو بڑے پیمانے پر قید و بند اور ایذا و تعذیب کا سامنا کرنا پڑا ، ان کے خلاف جھوٹے مقدمے مختلف عدالتوں میں قائم کیے گئے ، لیکن ان کے پایۂ استقامت میں لرزش نہیں آئی – انھوں نے مقدمات کا سامنا کیا اور ساتھ ہی اس پابندی کو بھی چیلنج کیا – کئی مقدمے دہلی میں تھے ، اس کے لیے انہیں بار بار دہلی آنا پڑتا تھا – ایک مرتبہ حکومت کے قائم کردہ ٹربیونل نے طلبہ تحریک کے حق میں فیصلہ دے دیا اور اس پر سے پابندی اٹھا لی تو حکومت نے فوراً سپریم کورٹ جاکر اسٹے حاصل کرلیا – ہر دو برس پر پابندی کی تجدید کی جاتی رہی ، پھر اس کا دورانیہ پانچ برس کردیا گیا – یہ پابندی اب تک برقرار ہے –
بھائی شاہد بدر کی دوسری دل چسپی تصنیف و تالیف سے تھی – کچھ عرصہ زنداں میں گزارنے کے بعد انھیں خیال آیا کہ اندرونِ زنداں کے تجربات ضبطِ تحریر میں لائیں ، چنانچہ انھوں نے ‘فکّوا العانی'(قیدیوں کو چھڑاؤ) کے نام سے کتاب تصنیف کی – اس کے بعد تو مظلومین کے احوال پر ان کا قلم رواں ہوگیا – انھوں نے شام کی مظلوم بیٹی ‘ھبہ الدباغ’ پر ‘کوہ استقامت ھبۃ الدباغ’ کے نام سے اور پاکستان کی مظلوم بیٹی عافیہ صدیقی پر ‘سرگزشتِ عافیہ’ کے نام سے کتابیں تیار کیں – پھر سیرتِ نبوی کے ایک کم معروف پہلو ‘شعب ابی طالب’ پر انھوں نے کام کرنا کیا اور اوسط حجم کی ایک کتاب تیار کرلی – نیشنلزم اور خلافت کے نام سے بھی ان کی ایک کتاب ہے – چند ماہ پہلے مجھے ان کے تین کتابچے : تحفۂ صیام ، تحفۂ عید الاضحٰی اور یوم الفرقان موصول ہوئے تھے – وہ جب بھی دہلی آتے مجھ سے ملاقات کرنے کی کوشش کرتے ، زیرِ تحقیق موضوعات پر تبادلۂ خیال کرتے ، ممکنہ مواد کہاں کہاں سے مل سکتا ہے؟ اس پر مشورہ کرتے اور تیار کردہ خاکہ پر ڈسکس کرتے – کچھ عرصہ کے بعد ان کی کتاب منظرِ عام پر آجاتی تو اس کا نسخہ بھیجتے – مجھے ان کی کئی کتابوں کا تعارف کرانے کا موقع ملا ہے۔

بھائی شاہد بدر نے آخری زمانے میں ماہر یونانی معالج کی شہرت حاصل کرلی تھی – انھوں نے اعظم گڑھ شہر میں البدر یونانی شفاخانہ کے نام سے اپنا مطب شروع کیا – انھوں نے طے کرلیا تھا کہ صرف یونانی پریکٹس کریں گے – ایک طرف ان کے پاس طب کے قدیم مصادر و مراجع تھے ، دوسری طرف ان کا اپنا تجربہ – انھوں نے اپنے مطب کے اوقات متعین کیے اور تصنیف و تالیف کا مشغلہ بھی جاری رکھا – ان کی طرف مریضوں کا رجوع بڑھنے لگا – دوٗر دوٗر سے مریض آنے لگے اور پیچیدہ اور مزمن امراض سے شفا پانے لگے – شاہد صاحب نے محسوس کیا کہ بسااوقات امراض سے شفا نہ ہونے کا ایک سبب خالص یونانی دواؤں کی عدم فراہمی ہے – دوا ساز کمپنیوں کی توجہ معیاری دواؤں کی تیاری سے زیادہ اپنی مارکیٹنگ پر رہتی ہے – اس احساس نے انھیں دوا سازی کی جانب مائل کیا – انھوں نے اپنے مخصوص نسخوں کی مرکّب دواؤں کو خود تیار کرنا شروع کردیا۔ اس کی وجہ سے انہیں شناختِ ادویہ میں خاصی مہارت حاصل ہوگئی تھی – شاہد صاحب نے طب کے میدان میں اپنے مشاہدات و تجربات قلم بند کرنے شروع کردیے تھے – متعدد پیچیدہ بیماریوں پر ان کے لکھے گئے مضامین مختلف طبی رسائل میں شائع ہوئے اور طبی حلقوں میں بہت پسند کیے گئے – ان کی بہت سی طبی تحریریں سوشل میڈیا کے ذریعے عام ہوئیں اور دوٗر دوٗر تک پہنچیں – اگر کوئی باذوق نوجوان ان کی تمام طبّی تحریروں کو کتابی صورت میں جمع کردے تو یہ ایک اہم علمی اور فنّی خدمت ہوگی –
میری اہلیہ کو پیشاب کی کثرت اور جلن کی شکایت ہوگئی – ایلوپیتھک اور ہومیوپیتھک کے کافی علاج کے باوجود کوئی افاقہ نہیں ہوا – میں نے شاہد بھائی سے رابطہ کیا – انھوں نے تفصیل سے حال معلوم کرکے دوائیں تجویز کیں اور انہیں کوریر سے بھیج دیا – مرسلہ دوائیں ختم ہوگئیں تو اسی ماہ کے شروع میں ان سے دوبارہ رابطہ کیا – انھوں نے ایک ماہ کی دوسری قسط بھیج دی –
حکیم شاہد بدر کی وفات اسلامی تحریک کا خسارہ ہے کہ وہ فکری صلابت اور عزیمت و استقامت کے حامل اپنے ایک خادم سے محروم ہوگئی – اسی طرح طبی دنیا بھی ایک حاذق اور تجربہ کار طبیب سے محروم ہوگئی ، جس نے اپنے بہت سے قیمتی تجربات سے اہلِ فن کو مالامال کیا ہے – اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے : خیرُ الناس انفعھم للناس (بہترین انسان وہ ہے جس کی ذات سے انسانوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے -) شاہد صاحب کے لیے اللہ تعالیٰ نے جتنی زندگی مقدّر کر رکھی تھی اس میں انھوں نے سرگرم زندگی گزاری اور خلقِ خدا کو اپنی بہترین صلاحیتوں سے خوب فائدہ پہنچایا – اللہ تعالیٰ ان کی خدمات کو قبول فرمائے ، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے ، انہیں جنّت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ، آمین یا رب العالمین !

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top
%d bloggers like this: