یوپی ایس سی میں ناکام ہونے والوں کو وزیر اعظم کی نصیحت
وزیر اعظم نریندر مودی نے سول سروسز امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی خدمت کرنے اور لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا بہت پرجوش وقت ہے، ساتھ ہی انہوں نےان امیدواروں کو بھی تسلی دی جو کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھاکہ ’’میں ان لوگوں کی مایوسی کو سمجھتا ہوں جو سول سروسز کا امتحان پاس نہیں کر سکے؛ آپ کو مزید مواقع ملیں گے۔ بھارت: آپ کی صلاحیتوں اور طاقتوں کو ظاہر کرنے کے بہت سے مواقع فراہم کرتا ہے۔ آپ کے لئے بہترین خواہشات۔ ور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ "آگے کے نتیجہ خیز اور اطمینان بخش کیریئر کے لیے میری نیک تمنائیں”۔ قوم کی خدمت کرنے اور لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا یہ بہت پرجوش وقت ہے۔
واضح رہے کہ یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) کے ذریعہ منگل کو اعلان کردہ سول سروسز امتحان 2022 کے نتائج میں 933 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے،کامیاب امیدواروں میں 613 مرد اور 320 خواتین شامل ہیں۔ ٹاپ 25 امیدواروں میں 14 خواتین اور 11 مرد شامل ہیں۔
دہلی یونیورسٹی (DU) سے گریجویٹ ایشیتا کشور نے سول سروسز کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر کہا کہ یہ ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس آفیسر بننے کے بعد وہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کریں گی۔