علاقے میں سوگ کی لہر، احباب سے دعائے مغفرت کی اپیل
دنیا میں جو بھی آیا ہے، انہیں یہاں سے جانا ہے۔ موت ایک ازلی و ابدی حقیقت ہے۔ ہر دن موتیں ہوتی ہیں۔ جنازے اٹھتے ہیں اور پڑھے جاتے ہیں۔ مگر بعض جنازے وارثین ،رشتے داروں اور قرب وجوار کے علاوہ انگنت لوگوں کو اشکبار کرجاتے ہیں۔ جمعیۃ علما ضلع ارریہ کے سرپرست جناب بذل الرَّحمن صاحب کا انتقال بہتوں کے لیے غم کاسامان ہے۔ آپ کی وفات ارریہ والوں کے لیے باعث رنج و غم ہے۔
مفتی خالد انور مظاہری پورنوی ،جنرل سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار و استاذ جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ نے جمعیۃ علما ضلع ارریہ کے سرپرست جناب الحاج بذل الرَّحمن صاحب کے انتقال پرملال پر اپنے درد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ جمعیۃ علماء ہند کے بے لوث خادم، اور خانوادہ مدنی کے لئے مرمٹنے والوں میں سے تھے،جمعیۃ علماء ہند کی نسبت سے کوئی بھی چھوٹایابڑا پروگرام میں اپنی موجودگی اپنے لئے باعث فخر سمجھتے تھے،اللہ انہیں غریق رحمت کرے،کیاخوب آدمی تھے۔
مفتی خالد انور مظاہری پورنوی نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہی کی نسبت سے ہماری ان سے کئی بار ملاقاتیں رہیں،بے پناہ محبت کا اظہار فرماتے،اس ضعیف العمری میں بھی سوشل میڈیا کی چیزوں کو پڑھتے،اور احقر کی تحریروں کو ضرور دیکھتے،ملاقات پر اظہار بھی فرماتے۔
جمعیۃ علما ضلع پورنیہ کے جنرل سکریٹری مولانا ابوصالح قاسمی نے جمعیۃ علما ضلع ارریہ کے سرپرست کی وفات پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بذل الرَّحمن صاحب کی وفات جمعیۃ علما ضلع ارریہ کے لیے بڑا خسارہ ہے۔ ہم سب تعزیت کے مستحق ہیں۔ موصوف امت کے لیے دل دردمند رکھتےتھے۔ ہم جمعیۃ علما ضلع پورنیہ کی طرف سے ان کی وارثین کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ اور احباب سے دعائے مغفرت کی اپیل کرتے ہیں۔ اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی لغزشات کو معاف فرمائے اور ان کو جنت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔