ساؤتھ افریقہ کے مایہ ناز کرکٹر ہاشم آملہ کادنیائے کرکٹ کو الوداع
جنوبی افریقہ کے مشہور و تجربہ کار بلے باز ہاشم آملہ نے کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ حالانکہ ہاشم آملہ 2019 میں ہی بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ چکے ہیں۔تاحال وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے تھے۔ لیکن اب انہوں نے کرکٹ کے تمام فارمیٹ کے ساتھ کاؤنٹی سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بلے باز ہاشم آملہ نے کہا کہ میں جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ اس شاندار سفر کے لیے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس ناقابل یقین سفر کے دوران، میں نے بہت کچھ سیکھا ور ٹیم کے ساتھ دوستی کا اشتراک کیا۔میرے پاس اوول گراؤنڈ کی شاندار یادیں ہیں۔میری نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں۔
تجربہ کار جنوبی افریقی کھلاڑی ہاشم آملہ کا کیرئیر شاندار رہا ہے۔ اگر ہم ان کے بین الاقوامی کیریئر کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو انہوں نے جنوبی افریقہ کے لیے ۱۲۴ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے ۹۲۸۸ رنز بنائے ہیں۔ اس دوران آملہ نے ۲۸ سنچریاں اور ۴۱ نصف سنچریاں اسکور کیں۔ وہ اپنے ملک کے لیے ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے واحد بلے باز ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں ۳۱۱ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ہے۔
ٹیسٹ کے علاوہ آملہ نے جنوبی افریقہ کے لیے ون ڈے میں ۱۸۱ میچز کھیلے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ۸۱۱۳ رنز بنائے۔ انہوں نے ون ڈے میں ۲۷ سنچریاں اور ۳۹ نصف سنچریاں اسکور کیں۔ آملہ ۴۴ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ۱۲۷۷ رنز بنائے۔
آملہ کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار ریکارڈ ہے۔ انہوں نے ۲۶۵ فرسٹ کلاس میچوں میں ۵۷سنچریوں اور ۹۳ نصف سنچریوں کی مدد سے ۱۹۵۲۱رنز بنائے ہیں۔