دیوالی کے بعد دہلی بنا دنیا کا سب سے آلودہ شہر
بارش کی وجہ سے دہلی میں میں فضائی آلودگی میں کمی آئی تھی۔ مگر دیوالی نے پھر سے دہلی کی فضا کو مسموم بنادیا ۔ رپورٹ کے مطابق دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر، کیجریوال حکومت نے مصنوعی بارش کرانے کا لیا فیصلہ
اطلاعات کے مطابق بارش کی وجہ سے دارالحکومت میں فضائی آلودگی سے جو راحت ملی تھی وہ اتوار کی رات دیوالی کے موقع پر پابندی کے باوجود پٹاخے پھوڑے جانے کی وجہ سے ختم ہو گئی۔ دیوالی کے بعد پیر کو دہلی دھویں کی پرت کے درمیان بیدار ہوا اور فضائی آلودگی کی سطح ایک بار پھر بڑھ گئی۔ ہوا کے معیار کی نگرانی میں مہارت رکھنے والی سوئس کمپنی IQAir کے مطابق پیر کو دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر تھا۔ اس کے بعد پاکستان کا لاہور اور کراچی شہر کی پوزیشن تھی۔ ممبئی اور کولکاتہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔اتوار کو دیوالی کے موقع پر دہلی میں آٹھ سالوں میں بہترین ہوا کا معیار ریکارڈ کیا گیا۔ اس مدت کے دوران 24 گھنٹے کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) شام 4 بجے 218 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تاہم اتوار کی رات دیر گئے آتش بازی ہونے کی وجہ سے کم درجہ حرارت کے درمیان آلودگی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ پیر کی صبح 7 بجے AQI 275 (خراب زمرہ) پر ریکارڈ کیا گیا، جو بتدریج بڑھ کر 4 بجے تک 358 ہو گیا۔ صفر اور 50 کے درمیان اے کیو آئی ’اچھا’ ، 51 سے 100 ‘اطمینان بخش’، 101 سے 200 ‘متوسط’، 201 سے 300 ‘خراب’، 301 سے 400 ‘بہت خراب’ ہے اور 401 سے 450 ‘سنگین’ مانا جاتا ہے۔ جب AQI 450 سے تجاوز کر جاتا ہے، تو اسے ‘انتہائی سنگین’ زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔