✍: سید سرفراز احمد
مولاناابو الکلام آزاد کی ولادت 11/نومبر 1888ء میں مکہ معظمہ میں ایک علمی گھرانے میں ہوئی مولانا کا اصل نام محی الدین احمد تھا اور انکے والد تاریخی نام فیروز بخت سے انھیں پکارا کرتے تھے مولانا نے چودہ برس تک کی ابتدائی مشرقی علوم اپنے والد محترم مولانا محمد خیر الدین سے حاصل کی مولانا کا بچپن عام بچوں سے بالکل منفرادانہ تھا کیونکہ بچپن میں اکثر بچوں کا شوق کھیل کود اورشور شرابے میں اپنے آپ کو مصروف رکھنا ہوتا ہے لیکن مولانا آزاد اپنی بہنوں کو سامنے بٹھاکر اور خود صندوق پر چڑھکر تقریر کرتے تھے اور اپنی بہنوں کو تالی بجانے کہتے تھے غرض یہ کہ مولانا میں قائدانہ صلاحیت بچپن سے ہی سے کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی انکے والد اور اساتذہ نے انکی فطری صلاحیتوں کو تربیت کے زریعہ صحیح رخ پر موڑامولانا کے والد نے بغرض علاج ہجرت کرکے مکہ معظمہ سے واپس ہندوستان آئے اور کلکتہ شہر میں مستقل سکونت پذیر اختیار کی آپکی مادری زبان عربی ہونے کے باوجود بھی آپ اردو کے ماہر تھے اور کافی ذہین اور بے پناہ فطری صلاحیتوں کے مالک تھے جسکا اندازہ اس سے ہوتا ہے کہ انہوں نے پندرہ سال کی عمر میں اپنے علمی و سیاسی سفر کا آغاز کیا اور ماہنامہ جریدہ” لسان الصدق” جاری کیا جس کی مولانا الطاف حسین حالی نے بھی بڑی سراہنا کی پھر مولانا نے1914ء میں الہلال جریدہ نکالا یہ اپنی طرز کا پہلا پرچہ تھا جسکو برطانوی حکومت نے پریس ایکٹ کے تحت بند کروادیا تھا یہ اخبار ترقی پسند سیاسی بصیرت اور انسانی عقل پر کھرا اترنے والی مذہبی عکاسی کا گہوارہ اور بلند پایہ سنجیدہ ادب کا نمونہ تھامولانا بیک وقت سنجیدہ شاعرانہ مزاج، مفکر اسلام،بلند پایہ مقرر،مثالی صحافی اور ایک بہترین مفسر قرآن بھی تھے گویا کہ مولانا اپنے آپ میں ایک انجمن تھے کیونکہ آپکی شخصیت ایک عبقری تھی لہذا آپکی خدمات اور حیات کا حق ادا کرنا نا ممکن ہے بلکہ ایک مضمون نگارچھوٹے سے مضمون میں بھی قلمبند نہیں کرسکتا ـ
مولانا آزاد کی شخصیت میں تمام تر قائدانہ صلاحیت موجود تھی انھوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز انڈین نیشنل کانگریس سے وابستہ ہوکر کیا جب انگریز ہندوستان پر قابض تھے تب مولانا نے الہلال، البلاغ، جریدوں سے عوام کے اندر آزادی کی تڑپ اور قربانیوں کو پیش کرنے کا شعور بیدار کیا عوام کے اندر اپنے حقوق کو حاصل کرنے کی لگن پیدا کرنے کیلئے اپنی تحریروں کا بھر پور استعمال کیا لیکن جب انگریز اس بات سے واقف ہوچکے تھے کہ مولانا کے رسالے انکی سازشوں کا پردہ فاش کررہے ہیں تو انگریزوں نے الہلال، البلاغ پر پابندی لگادی اور مولانا کو شہر بدر کرتے ہوئے نظر بند بھی کیا گیا مولانا کو ذہنی ازیتیں دی گئیں لیکن مولانا نے اپنا عزم سفر جاری رکھا اور نہ کبھی انکے قدم متزلزل ہوئے بلکہ اس نئی صبح کا انتظار کررہے تھے کہ ہندوستان ایک آزاد مملکت میں تبدیل ہوجائے گذرتے شب و روز کے دوران بالآخر وہ سورج طلوع ہوہی گیا اور انگریز ہندوستان چھوڑ کر واپس چلے گئے لیکن یہ گوری رنگت کے انگریزوں نے جاتے جاتے گنگا جمنی تہذیب کو مٹانے کیلئے اکثریت اور اقلیت کاراگ چھوڑ ااورمذہبی امتیاز کی آگ ہندو مسلم میں لگاکردراڑیں پیدا کردی جسکا پیش خیمہ ملک کی تقسیم ثابت ہوا حالانکہ مولانا تقسیم ہند کے وقت بڑے بے باک اور جرات سے اس بڑھتی کشیدگی کو ختم کرنے کی ہر ممکنہ تگ ودو کی اور اس عین وقت آپ نے ایک تاریخی جملہ بھی کہا تھا کہ
"اگر دنیا دس ہزار سال یا دس لاکھ سال مزید قائم رہے تو پھر بھی دو چیزیں ختم نہیں ہوں گی ایک تو ہندو قوم کی تنگ نظری ، دوسرے مسلمان قوم کی اپنے سچے رہنماؤں سے بد گمانی” یقیناً مولانا کا 75سال قبل والا جملہ آج بھی اس ملک پر صادق آتا ہے بہر کیف تقسیم ہند کے بعد 15/اگسٹ 1947کو ہندوستان دنیا کے نقشہ پر ایک آزاد مملکت کی حیثیت سے اور دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک نمودار ہوا اسی آزاد ہند کے پہلے وزیر تعلیم مولانا آزاد کو بنایا گیا مولانا نے 1947سے 1958تک گیارہ سال تک وزارت تعلیم پر اپنی خدمات انجام دی ان گیارہ سالوں میں مولانا نے تعلیمی اداروں میں اپنی گوناگوں صلاحیتوں سے تعلیم کو پروان چڑھایا بلکہ تعلیم نسواں،تعلیم بالغان،کیلئے بھی آپ نے بہت کوششیں کی عوام میں ہر طرح کا شعور بھی اجاگر کیا مولانا تعلیم کے متعلق کہا کرتے تھے کہ تعلیم کا مقصد روزی روٹی کی فراہمی کے ساتھ کردارسازی کا ذریعہ ہونا چاہئے ان کے تعلیمی نظریات کی بنیاد چار امور پر استوار ہے
۱۔ذہنی بیداری ۲۔اتحاد و ترقی ۳۔مذہبی رواداری ۴۔ عالمی اخوت انہوں نے تعلیمی نظام کے استحکام کے لیے دو کمیشن قائم کیئےیونیورسٹی /کالج تعلیمی کمیشن اور ثانوی تعلیم کمیشن دونوں اداروں کی کارکردگی آج بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔
مولانا کی خصوصیت یہ تھی کہ آپ صرف قولی شہادت پر اکتفا نہیں کرتے تھے بلکہ جو قول کے زریعہ اظہار کرتے تھے اسکو عملی جامہ بھی پہناتے تھے مولانا نے ان گیارہ سالوں میں انگریزوں کی عطا کی گئی تعلیمات کی تنگ نظری کو ختم کیا کیونکہ یہ کوئی معمولی کام نہیں تھا کہ ایک نئے تشکیل شدہ جمہوری ملک میں تعلیم کونئے سرے سے فروغ دینا لیکن مولانا نے انگریزوں کے تنگ نظری تعلیم کو رد کرتے ہوئے تعلیم کو حتی الامکان پروان چڑھایااس کیلئے اپنی صلاحیتوں اور قربانیوں کوپیش کیا اور آپ نے عصری تعلیم کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے میدان تعلیم کومینار نور کی طرز پر تخلیق کی خاص طور پر آپ تعلیم صنعت اور حرفت پر بہت زور دیا کرتے تھے اسی وجہ سے مختلیف تعلیمی و تحقیقاتی ادارے قائم کیئے اور آج بھی مولانا کے نام سے منسوب یونیورسٹیاں ملک کے عظیم تر شہروں میں پھیلی ہوئی ہیں جس سے ان گنت طلباء فیضیاب ہورہے ہیں مولانا آزاد ملک کے پہلے وزیر تعلیم ہونے کے ناطے انکی یومِ پیدائش پر ملک بھر میں یومِ تعلیم کا انتہائی تزک و احتشام سے جشن منایاجاتا ہے مولانا نے نہ صرف تعلیم کو فروغ دیا بلکہ شاعری کی دنیا کے بھی بےتاج بادشاہ رہے انھوں نے شاعری کے ذریعہ بھی مسلم معاشرے کی اصلاح کرتے رہے اور وقتاً فوقتاً ہندو مسلم اتحاد کی بھی شاعری کرتے رہے اور ادب و ثقافت کے فروغ کیلئے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیامولانا نے ہندوستان کے ادبی اور ثقافتی تنوع کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کی غرض سے ساہتیہ اکیڈیمی، للت کلا اکیڈیمی اور سنگیت ناٹک اکیڈیمی جیسے اداروں کی بنیادیں ڈالی بین الاقوامی سطح پر ہندوستان اور یہاں کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز قائم کیاـ
مولانا صحافت کے میدان کے بھی عظیم شہسوار تھے وہ صحافت کو آزاد اور خودمختار بنانا چاہتے تھے وہ دوسرے فریقین کے تعاون سے چلنے والے اخبارات اور رسالے کو صحافت پر بدنما داغ سمجھتے تھے مولانا نے الہلال اخبار کو خوبصورت بنانے کے لئے تصاویر کا بھی استعمال کیا اور اسکی اہمیت پر بھی زور دیا مولانا آزاد نے اردو صحافت کو ایک نئی فکر دی، لیکن ندامت کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہیکہ مولانا نے جو اردو کے فروغ کی شمع روشن کی تھی وہ آج مدہم پڑ رہی ہےاردو صحافت کا معیارگھٹ چکاہے لہذا موجودہ اردو صحافت کو دوبارہ اپنا کھویا ہوا مقام و وقار حاصل کرنے کیلئے مولانا کی وراثت اور انکے نقوش کو اپنانا ہوگا مولانا مفسر قرآن کی حیثیت سے ترجمان القرآن کی تفسیر لکھی جو رہتی دنیا تک آنے والی نسلیں اس سے استفادہ حاصل کرتی رہیں گی ـ
مولانا ابوالکلام آزاد ایک عظیم مجاہد آزادی بھی رہے ہیں انھوں نے ہندوستان کو ایک آزاد مملکت بنوانے میں بہت اہم رول ادا کیا اپنی تمام تر صلاحیتوں کو لگادیا مسلمانوں کو اپنے مذہب پر قائم رہتے ہوئے جنگ آزادی میں حصہ لینے کی ترغیب دلاتے رہے آپکی فہم و فراست اور حکمت و دانشمندی کے گاندھی جی اور پنڈت جواہر لال نہرو بھی قائل تھے جو وقفہ وقفہ سےآپ سے تجاویز اور صلاح بھی لیتے رہتے تھے خود گاندھی جی مولانا آزاد کی سیاسی و علمی بصیرت کی صلاحیتوں کو اپنی تقاریر میں پیش کرتے تھےہندوستان ایک جمہوری ملک ہونے کی وجہ سے مولانا ہمیشہ سوراج سے ذیادہ قیمتی سرمایہ ہندو مسلم اتحاد سمجھتے تھے مولانا نے رام گڑھ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس میں کہا تھا کہ ” آج اگر ایک فرشتہ آسمان کی بلندیوں سے اتر آئے اور قطب مینار پر کھڑے ہو کر یہ اعلان کر دے کہ سوراج 24گھنٹے کے اندر مل سکتا ہے بشرطیکہ ہندوستان ہندو مسلم اتحاد سے دستبردار ہو جائے تو میں سوراج سے دستبردار ہو جائوں گامگر ہندو مسلم اتحاد سے ہرگز دستبردار نہیں ہوسکتا کیونکہ اگر سوراج ملنے میں تاخیر ہوئی تو یہ ہندوستان کا نقصان ہوگا لیکن اگر ہمارا اتحاد جاتا رہا تو عالم انسانیت کا نقصان ہے ‘‘غرض یہ کہ مولانا آزاد نے جو تعلیمات اور جو نقوش چھوڑ گئے ہیں اس پر ہندوستان آج بھی عمل پیرا بن کر قومی یکجہتی اور ہندو مسلم اتحاد کو فروغ دے سکتا ہے آج مولانا آزاد ہمارے درمیان نہیں ہے لیکن انکی تصانیف وتالیف، تقاریر، تحریریں خواہ سیاسی میدان ہو یا علمی اور جامع مسجد کے در ودیوار ہندوستان کے مسلمانوں کو پوری شعوری کیفیت کے ساتھ بیدار رہنے کی ترغیب دے رہے ہیں مولانا ابوالکلام آزاد ایک تاریخ ساز شخصیت ہی نہیں بلکہ ہندوستانی مسلمانوں کے مستقبل کے لیے مشعلِ راہ بھی ہیں انہوں نے جدو جہد آزادی اور ملک کی آزادی کے بعد شاندار کارناموں کی میراث چھوڑنے کے ساتھ ایک اہم نظریہ ساز کے طور پر اپنا لوہا منوایا ہے ایسی شخصیت کو صرف خراج پیش کرنا کافی نہیں ہے بلکہ ہمیں ان سے تحریک حاصل کرنی چاہیے انکی تصنیف کردہ کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہیئے بلکہ یہ کہا بھی جائے تو غلط نہ ہوگا کہ مولانا آزاد جیسی شخصیت کا دوبارہ اس دنیا میں پیدا ہونا محال ہے بالآخر مولانا اپنی رحلت سے چند دن قبل فالج کے مرض میں مبتلاء ہوئے اور مختصر سی علالت کے بعد 22/فروری کی نصف شب مولانا کی روح قفس عنصری سے پرواز کرگئی جنکی مزار دہلی کی جامع مسجد سے قریب موجود ہے مولانا کو سنہ 1992میں بھارت رتن اعزاز سے بھی سرفراز کیا گیا اس عبقری شخصیت کی خدمات کو ہندوستان کبھی فراموش نہیں کرسکتا ـ