امارت شرعیہ کے زیراہتمام باپو سبھاگار پٹنہ میں منعقد مدارس اسلامیہ کنونشن میں چاروں ریاستوں کےنمائندگان مدارس اور ارباب فکر ودانش کے تاریخی اجتماع سے دیگرعلماء و دانشوروں کے خطابات
پٹنہ:
ملک کے دینی مدارس نے اسلامی تہدیب وثقافت اور مذہبی روایات کے تحفظ میں تاریخی کردار ادا کیا، ان اداروں کے خدمات اور ان کے وجود کی تاریخی ضرورت سے انکار ممکن نہیں،یہ دینی درسگاہیں آئین ہند کے دفعات کے تحت قائم ہیں؛ کیوں کہ آرٹیکل 30 کے اختیارات بغیر تعلیم اورسندکے زبان وثقافت کاتحفظ نہیں کرسکتا،ان خیالات کااظہار امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی بنگال کے امیرشریعت مفکر ملت حضرت مولانااحمدولی فیصل رحمانی صاحب نے اپنے کلیدی خطاب میں مدارس اسلامیہ کنونشن میں تشریف لانے والے ہزاروں ارباب علم ودانش کے مجمع سے کیا۔
امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ ،جھارکھنڈ ومغربی کے زیراہتمام 11نومبر 2026 کو باپوسبھا گارآڈیٹوریم میں حضرت امیرشریعت کے صدارت میں مدارس اسلامیہ کنونشن کا تاریخ ساز اجلاس منعقد ہوا،اس میں چاروں ریاستوں کے ممتاز علماء نقباء اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی اورملک کے بدلتے منظر نامہ میں مدارس ومساجد ودینی مراکز کی حفاظت کے لئےسینہ سپررہنے کاعہد وپیمان کیا۔
اس موقع پر حضرت امیرشریعت نے آئین ہندکی روشنی میں دینی مدارس ومکاتیب کے قیام کاقانونی تجزیہ پیش کیا،اور فرمایا کہ دستور کی دفعہ 29 نے ہم کواپنی تہذیبی ولسانی تحفظ کی ضمانت دی ہے ،اور دفعہ 30 (1 )تمام اقلیتوں کو اپنےتعلیمی ادارے قائم کرنے کاحق دیاہے،لیکن عدالتوں نے حق تعلیم کی تاویل وتشریح کچھ ایسے انداز میں کرنی شروع کی جس سے مدارس پر زد پڑنے لگی ،حضرت نے مختلف عدالتوں کے ذریعہ ہونے والے فیصلوں کابھی تجزیہ پیش کیااور اسکرین کے ذریعہ سن واراس کی نشان دہی کی،اور تفصیل سے بتایاکہ ہم کوقانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے مدارس کیسے قائم کرنے ہیںاور اس کوتحفظ بخشناہے،حضرت امیرشریعت نے بہت تفصیل کے ساتھ قانونی نکات بھی بیان فرمائے اورکہاکہ یہ سب ویب سائٹ کے ذریعہ فراہم کردئے جائیں گے۔
امارت شرعیہ کے نائب امیرشریعت مولاناشمشادرحمانی صاحب نے فرمایاکہ اس ملک کی تحریک آزادی میں علماء کی بڑی قربانیاں رہی ہیں ؛لیکن سازش کے تحت اس کوبدنام کرنے کی کوشش ہورہی ہے ،ہم کو قانونی طریقے پر اس کاجواب دیناہے جس کی طرف حضرت امیرشریعت نے بھی رہنمانی کی ہے ۔
ناظم امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ،جھارکھنڈومغربی بنگال مولانامفتی محمدسعیدالرحمن قاسمی صاحب نے اپنے خطبہ استقبالیہ میںمہمانوں کااستقبال کرتے ہوئے فرمایاکہ اس ملک کوبنانے اورسنورنے میں ان مدارس کی ناقابل فراموش قربانیاں رہی ہیں، اس وقت جہاں ایک طرف ہم کو مدارس کی حفاظت کرنی ہے وہیں مدرسے کے داخلی نظم وانتظام کو بھی درست رکھنا ہے ،حضرت امیرشریعت مدظلہ کی طرف سے جو لائحہ عمل پیش کیا جائےاس کوتوجہ اور غور سے سننا ہے ۔
مولانامفتی محمدانظارعالم قاسمی صاحب صدرقاضی شریعت نے بچوںکے حفظان صحت کے تعلق سے چند بنیادی قوانین کی طرف اشارہ کیااور ان خطرات کی بھی نشان دہی کی ،جس سے پاکسوقانون سے بچنے کی تدبیربھی بتلائی ۔
مولانامفتی محمدسہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ نے امارت شرعیہ کی سوسالہ مختصرتاریخ ،امراء شریعت کی دینی وملی خدمات پرتفصیل سے روشنی ڈالنی۔اور کہاکہ ہمارے اکابر نے مدارس اسلامیہ کے تحفظ وبقا کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی ہےاور موجودہ امیرشریعت مدظلہ اس سلسلہ میں فکرمندبھی ہیں اور عملی اقدامات بھی کررہے ہیں ،آج کااجتماع ان کی فکررسا کاہی نتیجہ ہے۔
مولانامفتی وصی احمد قاسمی صاحب نائب قاضی شریعت نے مدارس کے ملازمین کے تنخواہوں کے مسئلہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی،اس کنونشن سے مولانا مفتی محمد نوشاد نوری قاسمی استاذ ادب وفقہ دار العلوم وقف دیوبند نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے یہ سمجھنا ہے کہ پروپیگنڈ اکیا گیا کہ مدرسوں میں دہشت گرد ہے اور حقییقت یہ ہے کہ دہشت میں مدرسے ہیں موجودہ وقت میں ہمیں شعور سے کام لینا چاہیے، مولاناابوالکلام شمسی صاحب ،مولانارضوان احمد اصلاحی صاحب امیرجماعت اسلامی حلقہ بہار،پروفیسرشکیل احمدقاسمی صاحب ، مولاناسیف الرحمن رحمانی صاحب جامعہ رحمانی مونگیر،مولاناابراراحمدصاحب اڈیشہ ، مولانامحب اللہ قاسمی صاحب،مولاناضمیرالدین قاسمی صاحب بنگال ،مولانامحمدانورقاسمی صاحب جھارکھند،مولاناآفتاب عالم ندوی صاحب جھارکھنڈنے خطاب کیااوراپنی قیمتی آراء پیش کئے ۔
کنونشن کاآغاز قاری وسیم احمدصاحب رحمانی استاذجامعہ رحمانی مونگیر کی تلاوت سے ہوا،جس کااردو ترجمہ مولانامفتی احتکام الحق قاسمی قائم مقام مفتی امارت شرعیہ نے کیا ،درمیان میں تلاوت کلام پاک مفتی قیام الدین قاسمی نے کیا اور سہیل اخترقاسمی نائب قاضی شریعت نےاس کا اردو ترجمہ کیا، بعدازاں مولانامحمدشمیم اکرم رحمانی صاحب معاون قاضی شریعت نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا،مولانااحمدحسین معاون ناظم نے تمہیدی گفتگو میں کنونشن کے اغراض ومقاصد بیان کئے ۔
اجلاس کی نظامت مولانامفتی محمد سہراب ندوی صاحب نے بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیا،اوروقفہ وقفہ سے مدارس اسلامیہ کے تحفظ وبقاکے شرکاء سے عہدوپیمان کراتے رہے ۔اس کنونشن کوکامیاب بنانے میں امارت شرعیہ کے جملہ ذمہ داران وکارکنان ،ٹیکنیکل ،ہاسپیٹل ،المعہدالعالی ودارالعلوم الاسلامیہ کے طلبہ واساتذہ نے شب وروز انتھک جدوجہد کی ،نیزریسرچ سینٹر کے رفقاء کارمولاناقیام الدین صاحب ،جناب فضل رحماں رحمانی صاحب اور ان کی پوری ٹیم نے بھی محنت کی ،وہ سب شکریہ کے مستحق ہیں۔آخرمیںحضرت امیرشریعت مدظلہ کے صدارتی خطاب کے بعددعاہوئی اور مجلس اختتام پذیرہوئی،نیزحضرت ناظم صاحب مدظلہ نے مختلف آرا کی روشنی میں بہت ہی اہم تجاویزپیش کی، جنہیں تمام شرکاء نے اتفاق رائے سے منظورکیا،اجلاس کی نظامت مولانا مفتی سہراب ندوی صاحب نائب ناظم امارت شرعیہ نے کی تجاویز درج ذیل ہے۔
مدارس اسلامیہ ہماری ملی، دینی اور تہذیبی شناخت کی روشن علامت اور ملتِ اسلامیہ کے علمی و روحانی ورثے کی امین ہیں۔
ان اداروں نے آئینِ ہند کے دائرے میں رہتے ہوئے تعلیم و تربیت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیئے ہیں۔ ملک کی تعمیر و ترقی اور انگریزی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں مدارس کے علماء و فضلاء نے جو عظیم قربانیاں پیش کی ہیں اور جو روشن کردار ادا کیا، وہ ہماری سنہری تاریخ کا ایک ناقابل فراموش باب ہے۔
گزشتہ چند برسوں سے سرکاری سطح پر مدارس اسلامیہ کے خلاف بدگمانی پیدا کرنے، انہیں بدنام کرنے اور ان کے نظام و کردار کو مشتبہ بنانے کی کوششوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس مقصد کے لیے نت نئے طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں، خصوصاً بہار اور مغربی بنگال سمیت بعض ریاستوں میں مدارس کے سلسلے میں غیر معمولی اقدامات اور غیر ضروری نوعیت کے سوالات نے اہلِ مدارس میں تشویش پیدا کی ہے۔
یہ کنونشن اس طرح کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ مدارس کے دینی تشخص، آئینی حقوق اور تعلیمی آزادی کے خلاف کسی بھی قسم کی غیر ضروری مداخلت سے گریز کیا جائے۔
-
تجویز(1)متعلق به قانونی امور
ہر مدرسہ اپنی ضرورت کے مطابق ٹرسٹ، سوسائٹی یا دفعہ 8 کمپنی میں سے ایک قانونی ادارہ بنائے، ٹرسٹ نامہ یا ضوابط میں آرٹیکل ۳۰ کی شقیں شامل ہوں یعنی ٹرسٹی یاارکان مکمل یا ان کی اکثریت مسلمان ہو، اور یہ لکھا جائے کہ کوئی بیرونی ادارہ نامزد ٹرسٹی کو برطرف نہیں کرسکتا اور سرکاری امداد لینے سے اس کی اقلیتی حیثیت ختم نہیں ہوگی ۔
زمین کسی فرد کے نام ہو تو قانونی طریقے سے ادارہ کے نام منتقل کیا جائے اور ناقص داخل خارج کو مکمل کیا جائے۔ وقف زمین ہو تو وقف بورڈ اور امید پورٹل پر اندراج یقینی بنایا جائے۔
جہاں قانوناً ضروری ہو، عمارت کا نقشہ منظور کرایا جائے اور آگ سے حفاظت کا انتظام کیا جائے۔
-
تجویز(2) متعلق به حفاظت طلبه وطالبات
طلبہ و طالبات کی حفاظت کا تحریری ضابطۂ اخلاق بنایا جائے ،جسمانی سزا اور ذہنی اذیت بالکل بند ہو۔
جنسی زیادتی کی اطلاع ملتے ہی پولیس یا بچوں کے خصوصی یونٹ کو اطلاع دی جائے۔ بات چھپانا خود جرم ہے۔
دوسرے ضلع یا ریاست سے آنے جانے والے بچوں کے ساتھ «سفری فائل» ہو: والدین کی تحریری اجازت، بچے کا شناختی کاغذ، مدرسے کا داخلہ خط، اور ساتھ جانے والے بالغ کی تفصیل۔
طلبہ سے سڑکوں، بازاروں یا سواریوں میں چندہ نہ کرایا جائے۔ یہ بچوں کی مزدوری کے قانون کی زد میں آ سکتا ہے۔
-
تجویز(3) متعلق بہ اساتذبہ و ملازمین
اساتذہ و ملازمین کی تنخواہ ریاست کی مقرر کردہ کم از کم اجرت سے کم نہ ہو۔تنخواہ ہر ماہ وقت پر ادا ہو اور اس کا ریکارڈ رکھا جائے۔ بیس یا زیادہ ملازمین ہوں تو پراویڈنٹ فنڈ (EPF) کا انتظام کیا جائے۔
اساتذہ، ائمہ اور دینی ادارہ کے کارکنان کو معقول تنخواہ دینے کی سنجیدہ کوشش کو یقینی بنایا جائے۔
اساتذہ کی مستقل تربیت ، پڑھانے کے جدید طریقے سے واقفیت، بچوں کی نفسیات اور بچوں کی حفاظت کے قوانین سے آگاہی کے لیے پابندی سے ورکشاپ منعقد کیا جائے۔
-
تجویز(4) متعلق بہ نصاب و اسناد
دینی نصاب اور مدارس کی علمی پہچان برقرار رکھتے ہوئے اردو،ہندی، انگریزی، ریاضی اور بنیادی سائنس جیسے مضامین پڑھائے جائیں، نیز جامعہ ملیہ، علی گڑھ اور مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کی منظور شدہ مدارس کی فہرستوں میں زیادہ سے زیادہ مدارس کا نام شامل کرایا جائے۔
بڑے مدارس مل کر ایک مشترکہ امتحانی نظام بنائیں، اور آگے چل کر ایک آزاد تعلیمی بورڈ کے امکانات پر کام کیا جائے۔
-
تجویز(5) متعلق بہ مالیات و اجلاسات
ادارہ کی تمام رقوم بینک میں جمع کی جائیں، چیک کے ذریعہ نکاسی کا نظام بنایا جائے،ہر سال حساب کا آڈٹ ہو، غیر ملکی رقم صرف ایف سی آر اے (FCRA) کی اجازت کے ساتھ لی جائے۔
گاڑیوں پر تلاوت اور نعت خوانی کے ذریعہ چندہ کرنے کا جو رواج بڑھ رہا ہے اس کو ختم کیا جائے۔ ذمہ داران، تنخواہ دار سفراء، سابق طلبہ اور اہل خیر کے ذریعہ مالی فراہمی کا باوقار نظام بناجائے۔
جلسوں میں اسراف،پوری رات کے پروگرام اور بھاری معاوضوں سے بچا جائے؛ تاکہ رقم تعلیم اور اساتذہ پر خرچ ہو۔
-
تجویز(6) متعلق بہ مکاتب و اصلاح معاشرہ
ہر گاؤں اور مسلم آبادی میں خود کفیل مکتب قائم ہو؛ بڑے مدارس اپنے آس پاس کے مکاتب کی رہنمائی کریں۔
لڑکیوں کیلئے علم نافع کا محفوظ اور باوقار انتظام کیا جائے۔
جمعہ کے خطبات اور جلسوں کو نوجوانوں کی رہنمائی اور گھروں میں دینی ماحول کے لیے استعمال کیا جائے۔
-
تجویز(7) متعلق بہ کمیٹی سازی
آج کا یہ کنونشن اس بات کی ضرورت محسوس کرتاہے کہ مدارس کے مسائل کے حل اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے مختلف سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، جو حضرت امیرشریعت مدظلہ کی نگرانی میں مفوضہ امور کو انجام دیں تاکہ بوقت ضرورت ارباب مدارس مسائل کی نوعیت کو سامنے رکھتے ہوئے ان کمیٹیوں سے تعاون حاصل کرتے رہیں، اس کے لیے مندرجہ ذیل کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جاتا ہے،جن کی تفصیلات سے جلد ہی مطلع کیا جائے گا۔
- الف: سیاسی رابطہ کمیٹی
- ب: عدالتی و قانونی کمیٹی
- ج: بلاک سطح کی رہنما کمیٹی
- د: جائزہ و تربیتی کمیٹی
- ہ: ہنگامی ہیلپ لائن
ساتھ ہی بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے وزرائے اعلیٰ اور گورنروں سے مل کر مدارس اور مدرسہ بورڈ کے مسائل حل کراناکیلئے ایک وفد کی تشکیل ہوگی جس کی تفصیلات سے بھی جلد باخبر کردیا جائے گا۔
-
تجویز (8)متعلق بہ ملحقہ مدارس
اطلاعات کے مطابق مولوی درجے تک کے کئی مدارس میں تین اساتذہ بارہ درجات پڑھا رہے ہیں، اور بہت سے مدارس میں چھ سے آٹھ کی جگہ دو تین اساتذہ ہیں ، کچھ مدارس اساتذہ کے نہ ہونے کی وجہ بند پڑے ہیں، جو نہایت ہی افسوناک صورت حال ہے، آج کا کنونشن حکومت بہار سے مطالبہ کرتاہے کہ منظور شدہ خالی عہدوں کی فہرست شائع کی جائے، ان پر جلد تقرری کا عمل پورا ہو، اور مولوی آرٹس، سائنس اور کامرس کے لیے مضمون کے اعتبار سے اساتذہ کے نئے عہدے بنائے جائیں۔
بورڈ کے تقریباً ۳,۵۸۸ مدارس میں سے ۱,۶۴۶ منظور شدہ مدارس کو کوئی سرکاری امداد نہیں ملتی، اور ۶۰۰ مدارس کی فائلیں سیکریٹریٹ میں پڑی ہیں ، پانچویں اور چھٹے پے کمیشن کے فرق کی رقم اب تک ادا نہیں ہوئی، کنونش مطالبہ کرتاہے کہ ملحقہ مدارس کے اساتذہ کی بقایا تنخواہیں، ایریر کی رقوم کی ادائیگی کے لیے جلد از جلد کارروائی کی جائے اور ہر ماہ تنخواہ کی ادائیگی کو حکومت یقینی بنائے۔
کئی عدالتی فیصلوں سے یہ بات واضح ہے کہ بورڈ کی طرف سے مجلس منتظمہ کے تحلیل کرنے کا معاملہ آرٹیکل ۳۰(۱) کے خلاف ہے لیکن اس کے باوجود ۲۰۲۲ کے مجلس منتظمہ قواعد میں حکومت کی طرف کئی ایسی چیزوں کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے اس عمل میں نہ صرف حکومتی مداخلت ہوتی ہے بلکہ مدرسہ کی اقلیتی حیثیت بھی مجروح ہوتی ہے، اس لیے ہم سب کا مطالبہ ہے کہ ۲۰۲۲ کی ضابطہ بندی میں ان تمام شقوں کو ختم کیا جائے جس سے مدرسہ کی شناخت، اس کی اقلیتی حیثیت اور کمیٹی کے اختیارات پر زد پڑتی ہے۔
-
تجویز(9) متعلق بہ تقرری اساتذہ
۲۰۲۲ کے مجلس منتظمہ کے قواعد کے مطابق اساتذہ کی بحالی کے جو اختیارات کمیٹی کو حاصل تھے، اس کو بھی ختم کیا گیا ہے، جبکہ عدالت عظمی کے فیصلہ کے مطابق حکومت یا بورڈ مدارس میں اساتذہ کی اہلیت اور تنخواہ کے پیمانے مقرر کرنے کی مجاز ہے، کمیٹی کے ذریعہ منتخب کئے گئے اساتذہ کی بحالی کو رد کرنے کی مجاز نہیں،اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس طرح کی غیر آئینی شرطوں اور حکومت کی طرف سے ضابطہ بندی میں کی گئی نقصان دہ شقوں کو ختم کرکے مدارس کی شناخت اور اقلیتی کردار کو بحال رکھا جائے۔اس موقع پر آج کا یہ اجلاس بہار مدرسہ بورڈ کے موجودہ چیئرمین کی طرف منسوب اس واقعہ کی سخت مذمت کرتاہے جس میں ایک عالم دین کی ٹوپی اور داڑھی کو نشانہ بناکر ان کی توہین کی گئی اور شعائر اسلام کے بارے میں نازیبہ کلمات بولے گئے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیق کرائے اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کرے ۔
-
تجویز(10) متعلق بہ اصلاح تعلیم
مدرسہ خواہ نظامیہ ہو یا ملحقہ ملت کی امانت ہیں ان سب کے قیام کا مقصد تعلیم کا فروغ اور قوم کے نونیہالوں کی ذہنی فکری تربیت ہے، اس لیے کنونشن تمام نظامیہ وملحقہ مدارس کے ذمہ داروں سے اپیل کرتاہے کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں تعلیم و تربیت کی بہتری پر توجہ دیں، قوم و ملت سے بہتر رابطہ رکھیں، تنازعات اور اختلافات کو ختم کریں اور تعلیم کا ایسا معیار قائم کریں جس سے مدرسوں کو پورا پورا وقار و اعتبار حاصل ہو۔