مولانا عبد اللہ سالم قاسمی کی گرفتاری پر سیمانچل میں بے چینی، جمعیت علماء ہند سے قانونی امداد کی اپیل

ارریہ/خصوصی نمائندہ: سیمانچل کے ضلع ارریہ سے تعلق رکھنے والے معروف عالم دین مولانا عبد اللہ سالم قاسمی کی گرفتاری کے بعد علاقے میں شدید تشویش اور اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی دینی و سماجی حلقوں نے اس پیش رفت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے فوری قانونی مدد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا عبد اللہ سالم قاسمی کے خلاف حال ہی میں اتر پردیش میں ایک بیان کے تناظر میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اسی سلسلے میں آج دوپہر انہیں پورنیہ کے علاقہ دلمال پور، امور سے حراست میں لیا گیا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ کارروائی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی ٹیم نے انجام دی ہے اور انہیں گورکھپور کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس معاملے پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے جمعیت علماء ارریہ کے جنرل سکریٹری اور جمعیت علماء بہار کے نائب صدر مفتی محمد اطہر القاسمی نے جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے، جس میں انہوں نے مولانا سالم کی گرفتاری پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ مولانا عبد اللہ سالم قاسمی ملت اسلامیہ کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں اور متنازعہ بیان پر وہ پہلے ہی وضاحت پیش کرتے ہوئے بلا شرط معافی مانگ چکے ہیں۔ اس کے باوجود ان کی گرفتاری نے اہل علم و دانش کے حلقوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے، خصوصاً اس لیے کہ وہ اسی خطے (ارریہ/سیمانچل) سے تعلق رکھتے ہیں جہاں کے عوام انہیں اپنا نمائندہ اور رہنما تصور کرتے ہیں۔

مکتوب نگار نے مزید کہا کہ جمعیت علماء ہند ماضی میں بھی مصیبت کی گھڑی میں متاثرین کی قانونی امداد کرتی رہی ہے، اس لیے موجودہ معاملے میں بھی فوری مداخلت کرتے ہوئے مولانا سالم کو قانونی و دیگر ضروری معاونت فراہم کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی سیمانچل اور ارریہ کے عوام پر خصوصی توجہ دینے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رمضان المبارک کے مہینے میں جمعیت علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کو بھی اس سلسلے میں درخواست دی جا چکی ہے۔

مولانا سالم کی گرفتاری نے نہ صرف ان کے عقیدت مندوں بلکہ پورے سیمانچل میں ایک فطری درد و کرب کی کیفیت پیدا کر دی ہے، اور عوامی حلقے ان کی جلد رہائی اور منصفانہ قانونی کارروائی کے متمنی ہیں۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔