رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ مشرقی چمپارن کا اجلاس اختتام پذیر، اجتماعی امتحان 2027 کے انعقاد کا فیصلہ

مولانا جاوید عالم مظاہری ناظمِ امتحان منتخب، مدارس کے باہمی ربط اور تعلیمی نظام کی بہتری پر زور

مشرقی چمپارن، 9 ستمبر: جامعہ زکریا، ڈھاکہ، مشرقی چمپارن میں رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع مشرقی چمپارن کی مجلسِ عمومی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے مختلف مدارس کے ذمہ داران اور اربابِ مدارس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں مدارس کے مابین باہمی ربط کو مضبوط بنانے، نظامِ تعلیم و تربیت کو بہتر بنانے اور اجتماعی امتحان سالانہ کے انعقاد سمیت متعدد اہم امور پر غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت و کارروائی سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع مشرقی چمپارن کے جنرل سکریٹری مفتی محمد احمد قاسمی، مہتمم جامعہ زکریا ڈھاکہ، نے سابقہ اجلاس کی کارروائی کی خواندگی کی۔ انہوں نے اربابِ مدارس کو رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ سے مربوط ہونے اور اس کے تعلیمی و تنظیمی مقاصد میں تعاون کی طرف متوجہ کیا، جس کی حاضرین نے تائید کی۔

اجلاس کی نظامت مولانا جاوید عالم مظاہری، ناظم مدرسہ اسلامیہ آزاد، ڈھاکہ، نے کی۔ انہوں نے مختلف ایجنڈوں پر اربابِ مدارس سے غور و خوض اور ان کے تاثرات پیش کرنے کی دعوت دی۔ شرکائے اجلاس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ، دارالعلوم دیوبند کی جانب سے مدارس کے مفاد میں اٹھائی جانے والی آواز پر بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ مقررین نے مدارس کے نظامِ تعلیم و تربیت میں بہتری کے لیے اجتماعی امتحان سالانہ کے انعقاد کو اہم اور ضروری قرار دیا۔

اجلاس میں مدارسِ اسلامیہ کے درمیان باہمی ربط و تعاون کو فروغ دینے، تعلیمی و تربیتی نظام کو مؤثر بنانے اور اجتماعی امتحان سالانہ کے انعقاد کو یقینی بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ باہمی اتفاقِ رائے سے اجتماعی امتحان سالانہ 2027 کے انعقاد کے لیے مولانا جاوید عالم مظاہری کو ناظمِ امتحان مقرر کیا گیا۔

اجلاس کے مہمانِ خصوصی مفتی خالد نور پورنوی مظاہری، جنرل سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار و استاذ جامعہ مدنیہ سبل پور، پٹنہ، نے تحفظِ ختمِ نبوت اور ردِ فتنۂ شکیلیت کے موضوع پر شرکائے اجلاس کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے مدارسِ اسلامیہ کو درپیش مختلف امور پر بھی اہم خطاب کیا۔

اس مشاورتی اجلاس میں رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع مشرقی چمپارن کے اراکین اور ضلع کے مختلف مدارس کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جامعہ زکریا ڈھاکہ کے طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ نے تمام مہمانان اور اربابِ مدارس کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔

آخر میں دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔