فتنۂ شکیلیت کے خلاف متحدہ محاذ

پورنیہ میں اہم مشاورتی میٹنگ کامیابی سے منعقد، منظم مہم اور مرکزی کمیٹی کے قیام کا اعلان

پورنیہ: سیل رواں

ـــــــــــــــــــــــــــــ

فتنۂ شکیلیت کے بڑھتے ہوئے اثرات کے سدِّباب کے لیے ضلع پورنیہ میں ایک اہم مشاورتی میٹنگ بروز جمعرات، 22 جنوری 2026، بوقت دس بجے دن، بمقام مریم گرلس انٹرنیشنل اسکول، روٹا متعیّنہ پروگرام کے مطابق کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔
واضح رہے کہ فتنۂ شکیلیت شکیل بن حنیف کے جھوٹے اور گمراہ کن دعووں پر مبنی ایک فکری و اعتقادی انحراف ہے، جس کے ذریعے وہ خود کو مہدی اور مسیح موعود قرار دے کر عقائدِ اسلامیہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

اجلاس میں ضلع کے ممتاز علماء کرام، ائمۂ مساجد، مدرسینِ مدارس اور دیگر دینی ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میٹنگ کا مقصد فتنۂ شکیلیت کے فکری و اعتقادی اثرات کا جائزہ لینا اور اس کے خلاف ایک منظم، مسلسل اور ہمہ گیر حکمتِ عملی مرتب کرنا تھا۔

اجلاس کے انعقاد میں مولانا ابوصالح قاسمی (جنرل سیکریٹری، جمعیت علماء ضلع پورنیہ) کی انتھک محنت، مؤثر رابطہ کاری اور تنظیمی بصیرت کو شرکائے مجلس نے خصوصی طور پر سراہا، جبکہ مولانا شمیم اختر ندوی نے میٹنگ کی تیاری اور مشترکہ لائحۂ عمل کی ترتیب میں نمایاں کردار ادا کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی شمس توحید مظاہری ناظم دارالعلوم امور، مولانا شمیم اختر ندوی ڈائریکٹر مریم گرلس انٹرنیشنل اسکول، مولانا عارف حسین ندوی اور مولانا تنظیم احمد مظاہری نے کہا کہ فتنۂ شکیلیت محض ایک فکری انحراف نہیں بلکہ امت کی دینی و سماجی بنیادوں کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے، جس کا مقابلہ اتحاد، عوامی بیداری اور مسلسل دینی محنت کے بغیر ممکن نہیں۔

زمینی سطح پر مہم اور تنظیمی فیصلہ

اجلاس میں حافظ و قاری فیروز احمد صاحب (مرکز روٹا) اور مفتی جنید احمد مظاہری نے فتنۂ شکیلیت کے خلاف زمینی سطح پر منظم اور مسلسل مہم چلانے کا اعلان کیا۔ اس مہم کے تحت مساجد میں دروسِ قرآن و حدیث، مکاتب و مدارس میں اصلاحی نشستیں اور عوامی اجتماعات کے ذریعے صحیح اسلامی عقائد کی وضاحت کی جائے گی۔ یہ مہم رابطہ مدارس اسلامیہ پورنیہ اور جمعیت علماء ضلع پورنیہ کے تعاون سے چلائی جائے گی۔

اسی موقع پر ایک مرکزی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا، جس میں دس بااثر اور ذمہ دار علمائے کرام کے اسمائے شامل کیے گئے ہیں۔ یہ کمیٹی ضلع کو مختلف زونز میں تقسیم کر کے ہر زون میں فتنۂ شکیلیت کے خلاف جاری سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی، زمینی رپورٹ تیار کرے گی اور مہم کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائے گی۔

اتحادِ علماء پر زور

مولانا قیصر احمد قاسمی، مولانا ناظر حسن مظاہری، مفتی انور مظاہری،حافظ و قاری نجم السحر اعظمی اور مولانا توقیر ندوی نے کہا کہ موجودہ حالات باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر متحد ہونے کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوں نے علماء و ائمۂ مساجد کو سماج میں فعال کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

مفتی عبد الغنی قاسمی نے مسجدوں کے ائمہ اور مکاتب کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ اپنے قرب و جوار پر گہری نظر رکھیں اور فتنۂ شکیلیت سے متاثر افراد کی بروقت نشاندہی کریں۔

مزید برآں مولانا شمس قمر قاسمی، مولانا ثمر احمد مظاہری، قاری شعیب احمد مظاہری، مولانا ابوذر قاسمی اور مولانا عارف مظاہری (مجگواں) نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس مہم کو رابطہ مدارس اسلامیہ پورنیہ اور جمعیت علماء ضلع پورنیہ کے اشتراک سے ضلع بھر میں مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر مولانا شمیم اختر ندوی نے تمام مہمانانِ گرامی اور شرکائے مجلس کی آمد پر شکریہ ادا کیا، جبکہ مفتی شمس توحید مظاہری کی پُراثر دعا کے ساتھ یہ اہم مشاورتی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

علماء نے امید ظاہر کی کہ یہ منظم اقدام ضلع پورنیہ میں فتنۂ شکیلیت کے خلاف ایک مضبوط اور دیرپا محاذ ثابت ہوگا۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔