بلاک بیسہ کی بلاک ایجوکیشن آفیسر کی ریٹائرمنٹ پر پُروقار الوداعی تقریب

بلاک بیسہ، ضلع پورنیہ:

ـــــــــــــــــــــــــــــــ
بلاک بیسہ کی بلاک ایجوکیشن آفیسر (بی ای او میم) کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک باوقار اور پُراثر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلاک کے مختلف اسکولوں اور مدارس کے اساتذہ، تعلیمی ذمہ داران اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا ماحول جذباتی اور احترام سے بھرپور رہا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں بی ای او میم کی طویل تعلیمی خدمات، حسنِ اخلاق، شفقت آمیز برتاؤ اور اساتذہ کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو خصوصیت کے ساتھ یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میم نے ہمیشہ تعلیمی نظام کی بہتری، اساتذہ کی رہنمائی اور طلبہ کے مستقبل کی تعمیر کے لیے خلوص اور دیانت داری کے ساتھ کام کیا، جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔

اس موقع پر ماسٹر دانش احمد، ماسٹر قیصر رضا (مڈل اسکول سونا مونی)، ماسٹر محمد اکمل یزدانی (مدرسہ فیضِ عام، پلنکاف)، عارف حسین ندوی (مدرسہ غنچۂ اسلام دھرمباڑی)، سلمان ظفر (مدرسہ سراج العلوم، شہریا)، محمد عامر (پرائمری اسکول محصیل)، محمد راغب، محمد شاہنواز، محمد شاہ جہاں (کٹھل باڑی)، تبریز عالم (ضلع میڈیا ذمہ دار)، زبیر عالم اور جابر عالم (شکچھک سنگھ) سمیت بلاک بیسہ کے ذمہ داران میں بی او، بی ڈی او، سی او، پرمکھ، بلاک امور کے شکچھک سنگھ کے عہدیداران اور دیگر کارکنان نے خطاب کرتے ہوئے بی او میم کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی کمی عرصۂ دراز تک محسوس کی جائے گی۔

الوداعی تقریب میں شریک اساتذہ

تقریب کے دوران بلاک کے اساتذہ اور ذمہ داران کی جانب سے بی ای او میم کے اعزاز میں گل دستے اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے اور پرتپاک انداز میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر ان کی فیملی بھی ان کے ساتھ موجود تھی، جنہیں اسٹیج پر مدعو کر کے گل دستوں کے ذریعے استقبال کیا گیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا، جبکہ امورِ ودھایک جناب اخترالایمان کو بھی تہنیتاً گل دستہ پیش کر کے ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا گیا، جس سے تقریب کا ماحول مزید باوقار اور خوشگوار بن گیا۔

الوداعی تقریب میں امور ودھایک جناب اخترالایمان کی خصوصی شرکت بھی رہی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے فرائض کو پوری ذمہ داری، اخلاص اور لگن کے ساتھ انجام دیں، کیونکہ ایک مضبوط قوم کی بنیاد معیاری تعلیم پر قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے بی ای او میم کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر بی ای او میم نے اپنے الوداعی خطاب میں تمام اساتذہ اور عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بلاک بیسہ کے اساتذہ کا تعاون اور محبت ہمیشہ ان کی زندگی کا قیمتی سرمایہ رہے گی۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں سبھوں سے اخلاص اور محنت کے ساتھ کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔

آخر میں دعا اور نیک تمناؤں کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔