جنوبی افریقہ کی شرمناک ہار۔ 9 وکٹوں سے شکست، کیوی بلے باز فن ایلن کی طوفانی سنچری
کولکاتا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ مارکو یانسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ دیگر بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ انداز اپنایا۔ اوپنر فن ایلن نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور صرف 33 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنا ڈالے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ ٹم سیفرٹ نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 58 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف صرف 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا اور باآسانی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ فن ایلن کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اب نیوزی لینڈ فائنل میں اس ٹیم کا مقابلہ کرے گا جو دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ہوگی۔