احمد آباد: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں آج بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ اہم مقابلہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں دونوں ٹیمیں عالمی خطاب اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔ کرکٹ شائقین کی نظریں اس بڑے مقابلے پر مرکوز ہیں اور ایک سنسنی خیز میچ کی توقع کی جا رہی ہے۔
بھارتی ٹیم کی نظریں تاریخ رقم کرنے پر مرکوز ہیں۔ اگر ٹیم انڈیا یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا خطاب اپنے نام کر لے گی۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی بار اس فارمیٹ میں عالمی چیمپئن بننے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تقریباً 30 مقابلے کھیلے جا چکے ہیں، جن میں بھارت نے 18 جبکہ نیوزی لینڈ نے 11 میچ جیتے ہیں، جب کہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مقابلوں میں نیوزی لینڈ کو بھارت پر برتری حاصل رہی ہے۔
بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہے، جبکہ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر فیصلہ کن مرحلے میں جگہ بنائی۔ دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے ماہرین اس مقابلے کو انتہائی دلچسپ اور سخت مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔
ممکنہ طور پر بھارتی ٹیم میں سنجو سیمسن، ابھیشیک شرما، ایشان کشن، سوریا کمار یادو (کپتان)، ہاردک پانڈیا، تلک ورما، شیوَم دوبے، اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ شامل ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق دونوں ٹیموں کے پاس مضبوط بیٹنگ اور مؤثر بولنگ موجود ہے، اس لیے فائنل مقابلہ نہایت سنسنی خیز ہونے کی توقع ہے جو اس عالمی ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام ثابت ہو سکتا ہے۔