بنگلہ دیش نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 27 اور معاذ صداقت نے 18 رنز بنائے، جبکہ محمد رضوان 10 اور سلمان علی آغا 5 رنز بنا سکے۔ بعد میں فہیم اشرف نے ابرا ر احمد کے ساتھ آخری وکٹ کے لیے 32 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو 114 رنز تک پہنچایا۔

بنگلہ دیش کے تیز گیندباز ناہید رانا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ابتدائی اوورز میں ہی پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا اور اپنے پہلے پانچ اوورز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان مہدی حسن میراز نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بنگلہ دیش نے ہدف انتہائی آسانی سے حاصل کرلیا۔ اوپنر تنزید حسن تمیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 67 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ نجم الحسن شانتو نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش نے صرف 15.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔

اس طرح بنگلہ دیش نے نہ صرف میچ باآسانی اپنے نام کیا بلکہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل کرلی۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔