انتخابات سے قبل ممتا بنرجی کا بڑا فیصلہ، 23 سرکاری عہدوں سے استعفیٰ

شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے متعدد کمیٹیوں اور اداروں کی ذمہ داریوں سے دستبرداری

کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل ایک اہم اور غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے 23 سرکاری عہدوں اور مختلف کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے اسٹیٹ ہیلتھ مشن، ریاستی وائلڈ لائف بورڈ، ایکو ٹورازم ایڈوائزری بورڈ سمیت کئی اہم اداروں میں اپنی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ محکمۂ داخلہ کی جانب سے جاری ہدایت میں متعلقہ محکموں کو کہا گیا ہے کہ ان استعفوں کو فوری طور پر قبول کیا جائے اور اگر وزیر اعلیٰ کسی دیگر اضافی عہدے پر بھی فائز ہوں تو وہاں سے بھی سبکدوشی کی کارروائی مکمل کی جائے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ قدم آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے اور انتخابی عمل کی شفافیت برقرار رکھنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔ اس فیصلے کو اپوزیشن کی ممکنہ تنقید کا پیشگی جواب بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات قریب ہیں اور ممتا بنرجی ایک بار پھر انتخابی میدان میں سرگرم ہیں، جہاں ان کا مقابلہ سخت ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔