مردم شماری 2027 کے تحت خود شماری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیجیے: حضرت امیر شریعت

پھلواری شریف: مردم دشماری کسی بھی ملک کی منصوبہ بندی ،وسائل کی صحیح تقسیم اور ترقی کے لئے بے حد ضروری عمل ہے ، اس وقت مرکزی حکومت کی طرف سےپورے ملک میں مردم شماری کا کام جاری ہے، بہار میں بھی یہ کا م شروع ہوگیا ہے پہلے مرحلہ میںبہار کے باشندوں کے مکانات و اثاثے کی تعداد معلوم کرنے کے لیے 17 اپریل 2026 سے یکم مئی2026 تک خود شماری کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے ، جہاں لوگ اپنی سطح سے فارم کی خانہ پری کر رہے ہیں، اسلئے موجودہ حالات میں اس میں حصہ لینا ایک اہم ترین فریضہ ہے، اسی سلسلہ میںمفکرملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مدظلہ امیر شریعت بہار، اڑیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال نے تمام لوگوں سے اس کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے لازمی طور پر فارم کی خانہ پری کرنے پر زوردیا اور کہا کہ اگر ہم نے اس موقع پر غفلت برتی اور کوتاہی سے کام لیا تو یہ بہت ہی خسران کی بات ہوگی،اس لئےامارت شرعیہ کے حضرات قضاۃ،ا رکان شوریٰ ،عاملہ ،ارباب حل وعقد، تنظیم امارت شرعیہ کے ذمہ داران وارکان ،بلاک اورضلع کے صدوروسکریٹریز ،نقباء،نائبین نقباء اور امارت شرعیہ کے دیگر مخلصین ومحبین سے گزارش ہے کہ خود شماری کےاس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اس پس منظر میں ناظم امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے کہا کہ مردم شماری کا یہ عمل صرف ایک سرکاری کام نہیں بلکہ یہ مردم شماری ملک کی مجموعی ترقی کی بنیاد اورہمارے مستقبل سے جڑا ہو ا معاملہ ہے ،اس لئےہر شہری خود شماری کے اس مہم میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

حکومت نے بہارمیں 17 اپریل سے یکم مئی تک مکانات کی خود شماری کے عمل کا آغاز کیا جس میں مکان کی تفصیلات وسہولیات آپ بذات خود ادھیکار پورٹل (Self.Enumeration)پرجاکر فارم بھریں، اپنی ریاست کا انتخاب کریں (captcha) کو درج کریں ،گارجین کا نام و موبائل نمبر ڈالیں، بہتر یہ ہے کہ خود شماری کے ویب سائٹ پر جا کر مطلوبہ سوالات کے جوابات صحیح طور پر بھریں،اس کی رسید کو محفوظ رکھیں تاکہ دوسرے مرحلے میں آپ کی فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں سرکاری عملہ جب آپ سے ویریفیکیشن(Verification) کرنے آئیں گے تو آپ انہیں اپنی رسید دکھلا سکیں گے ،ان کی تصدیق کے بعد ہی آپ کے مکانات اور اس کے اثاثے درست قرار دیے جائیں گے۔ دریافت کیے جانے والے سوالات سے نہ گھبرائیں،خاص طور پر مذہب کے خانہ میں ’’اسلام ‘‘اور زبان کے خانہ میں’’ اردو‘‘ لکھیں کیونکہ نظام مملکت کے نقشہ میں اس بات کی اہمیت محسوس کی جاتی ہےکہ جو زبان کسی علاقے میں بولی جاتی ہے اس زبان کی قدر و قیمت اس کے لکھنے اور بولنے والوں کی تعداد پر منحصر ہے۔

ناظم صاحب امارت شرعیہ نے مزید کہا کہ صحیح مردم شماری کے ذریعہ ہی صحت کی سہولیات،تعلیمی اداروں ،روزگار کے مواقع اور دیگر بنیادی ضرریات کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے ،اس لئے اس قومی فریضہ کو سنجیدگی سے لیں ،کسی بھی طرح سے غفلت اور سستی نہ برتیں، اپنےآس پاس کے لوگوں کی بھی معاونت کریں،اور مردم شماری کے اس عمل کو کامیاب اور مؤثر بنائیں تاکہ مستقبل میں سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ اللہ ہم سب کا حامی و مددگار ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔