نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ کی جج جسٹس سورنا کانتا شرما نے دہلی ایکسائز پالیسی معاملہ کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا ہے، تاہم انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت میں سی بی آئی کی اس درخواست پر سماعت جاری تھی جس میں دہلی شراب پالیسی کیس میں اروند کیجریوال، منیش سسودیا اور دیگر ملزمان کو دی گئی راحت کو چیلنج کیا گیا تھا۔ سماعت کے دوران جسٹس شرما نے کہا کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ہتک آمیز اور عدلیہ کو بدنام کرنے والی مہم چلائی گئی، جس کے باعث عدالت نے توہینِ عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کیا۔
جسٹس شرما نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ اصل مقدمہ کی سماعت سے الگ ہو رہی ہیں، لیکن توہینِ عدالت کے معاملہ کی کارروائی وہ خود سنیں گی۔ بعد ازاں اس مقدمہ کو نئی بنچ کے سپرد کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ اروند کیجریوال پہلے بھی جسٹس شرما پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے مقدمہ سے الگ ہونے کا مطالبہ کر چکے تھے، جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔ اس کے بعد کیجریوال اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی۔