دیوبند : 28 فروری 2024ء
سیل رواں:__________________
حسب روایت عالمی شھرت یافتہ عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کا سہ روزہ تعلیمی اجلاس آج بروز بدھ کی صبح نو بجے سے دارالعلوم دیوبند کے مھمان خانہ میں منعقد ھورھا ھے ۔ مجلس شوریٰ کا یہ تعلیمی اجلاس ھے جبکہ بجٹ اور مالیات سے متعلق اجلاس محرم میں ھوتا ھے ۔ وھیں حالیہ کئی تنازعات کو لیکر دارالعلوم دیوبند کے اراکین شوریٰ اھم فیصلے لے سکتے ھیں ، خاص طور پر غزوۂ ھند کے فتویٰ کے نام پر جس طرح میڈیا اور اور زعفرانی طاقتوں نے منظّم سازش کے تحت اس عظیم علمی دانش گاہ کو نشانہ بنایا ھے ، اس کے سلسلہ میں غوروفکر کیا جانا طے ھے ۔ حالانکہ عام طور پر اس اجلاس میں دارالعلوم دیوبند کی تعلیمی رپورٹ کی بنیاد پر نئے داخلوں کو منظوری اور تمام طلبہ کو ششماھی امتحان کے نتائج کی بنیاد پر اگلے درجات کے لئے ترقی دی جاتی ھے ۔ اس کے علاوہ طلبہ کو ملنے والی سھولیات کو بھتر بنانے اور درپیش مسائل کا حل کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیر ، مالیات اور دیگر داخلی و خارجی امور پر اھم فیصلے لئے جاتے ھیں ، حالیہ تنازعہ کے سبب مجلس شوریٰ کے اس اجلاس پر ملک کی نظریں لگی ھوئی ھیں ۔
پانچ نشستوں میں ھونے والے اس اھم اجلاس میں مھتمم دارالعلوم دیوبند مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی ، صدرالمدرسین مولانا سید ارشد مدنی ، مولانا سید محمود مدنی ، مولانا سید محمد عاقل سھارنپوری ، مولانا غلام محمد وستانوی ، مولانا بدرالدین اجمل ، مولانا عبدالعلیم فاروقی ، مولانا مفتی اسماعیل مالیگاؤں ، مولانا مفتی احمد خانپوری ، حکیم کلیم اللہ علی گڑھی ، مولانا رحمت اللہ کشمیری ، مولانا انوارالرحمٰن بجنوری ، مولانا سید حبیب احمد باندوی ، مولانا سید انظر حسین میاں دیوبندی ، مولانا حسن محمود راجستھانی ، مولانا مفتی شفیق احمد بنگلوری ، مولانا محمد عاقل گڑھی دولت ، مولانا بلال حسنی ندوی لکھنؤ ، مولانا محمد اشتیاق مظفرپوری ، مولانا ملک ابراہیم اور مولانا عبدالصمد مغربی بنگال کی شرکت متوقع ھے ۔