بہار میں زمین سروے کے سلسلہ میں کچھ ضروری باتیں
بہار میں زمین سروے کے سلسلہ میں کچھ ضروری باتیں
( مولانا ڈاکٹر ) ابوالکلام قاسمی شمسی
_________________
حکومت بہار کی جانب سے بہار میں زمین سروے کا اعلان کیا گیا ، پہلے مرحلہ میں وقت کم دیا گیا تھا ، جبکہ سروے کے لئے کاغذات کی فراہمی اور تیاری کے لیے زیادہ وقت کی ضرورت تھی ، نیز بعض سیاسی پارٹی اور عوام کی جانب سے بھی اس کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا ، مگر حکومت نے مطالبہ کو مسترد کردیا ، اور اس پروگرام کو واپس نہیں لیا ، حکومت کی جانب سے سروے کے کام کو واپس لینے کے بجائے دشواریوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس کے وقت میں اضافہ کر کے کاغذات جمع کرنے کی مدت تین ماہ کردی ہے ، نیز یہ سہولت بھی دی کہ لوگ فارم بھر کے تمام ثبوت منسلک کر کے فارم کو سروے آفس میں جمع کردیں ، آفس کی جانب سے اس کو ان لائن کیا جائے گا ، پھر اس پر کاروائی کی جائے گی ، نیز یہ سہولت بھی دی گئی کہ جو لوگ خود ان لائن کر سکتے ہیں ، وہ بھی آن لائن کردیں۔
جہاں تک فارم کی بات ہے ، تو ایک فارم 2 ہے ، اس کو بھرنا ہے ، اس فارم میں زمین کے مالک کا نام ، پتہ اور زمین کی تفصیلات کا ذکر ہے ، اس فارم کو تمام زمین مالک کو بھرنا ہے ، نیز ایک دوسرا فارم 3 ہے ، یہ بنشاولی سے متعلق ہے ، اس میں اس زمین کی تفصیلات کو درج کرنا ہے ، جو زمین باپ دادا سے وراثت میں ملی ہے ، موروثی زمین کی تفصیلات حصہ کے اعتبار سے درج کر کے اس کو فارم 2 میں بھی درج کیا جائے ، پھر تمام قبالہ اور کھتیان کا فوٹو اسٹیٹ کر کے فارم 2 کے ساتھ منسلک کیا جائے ، اس کی دو کاپی تیار کی جائے ، ایک کاپی سروے آفس میں جمع کردی جائے ، اور ایک اپنے پاس رکھ لیں ، تاکہ وقت ضرورت کام آئے ۔
سروے کا عمل جاری ہے ، البتہ شمالی بہار سیلاب کی زد میں ہے ، اس لئے سیلاب زدہ علاقہ کو چھوڑ کر جو علاقے محفوظ ہیں ،ان میں سروے آفس میں کاغذات جمع کئے جارہے ہیں ، اس لئے وہ علاقے جو سیلاب سے محفوظ ہیں ، وہاں کے لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنے کاغذات وقت مقرر کے اندر سروے آفس میں جمع کر دیں۔
اس سلسلہ میں یہ رہنمائی بھی مناسب ہے کہ جو لوگ فارم خود نہیں بھر سکتے ہیں ، وہ ان سے فارم بھرائیں ، جو اس کے جانکار ہیں ، تاکہ فارم غلطی سے محفوظ رہے ، ایسے موقع پر اس کی بھی ضرورت ہے کہ جو لوگ سروے کاغذات کو تیار کرنے میں مہارت رکھتے ہیں ،وہ ان لوگوں کی مدد کریں ، جو خود کاغذات تیار نہیں کر سکتے ہیں ، اس سلسلہ میں سستی سے بچیں ، مقرر وقت کے اندر سروے آفس میں کاغذات جمع کردیں ، ایسے وقت میں یہ بھی ضروری ہے کہ عوامی بیداری پیدا کی جائے ، تاکہ لوگوں میں بیداری آئے ، اور اپنے کاغذات کو جمع کریں ، اور پریشانیوں سے محفوظ رہیں ، اللہ تعالیٰ خیر کا معاملہ فرمائے ، جزاکم اللہ خیرا