اروند کیجریوال کے حوصلے بلند:
سپریم کورٹ میں بڑی جیت کے بعد دہلی حکومت حرکت میں
اروند کیجریوال کے حوصلے بلند:
دہلی حکومت کو سپریم کورٹ سے سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد عام آدمی پارٹی کے حوصلے بلند ہیں۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے عدالت کے فیصلے کے بعد کہا تھا کہ اب تبدیلی آئے گی۔ تازہ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کے بعد دہلی حکومت حرکت میں ہے۔ افسران کے ٹرانسفر پوسٹنگ پر سپریم کورٹ سے کنٹرول ملنے کے فیصلے کے چند گھنٹے بعدہی دہلی حکومت نے سروسز سکریٹری آشیش مورے کو ہٹا دیا یہ حکم دہلی حکومت کے محکمہ خدمات کے وزیر سوربھ بھردواج کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انیل کمار سنگھ دہلی کے نئے سروسز سکریٹری ہوں گے۔ سنگھ 1995 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ جل بورڈ کے سی ای او رہ چکے ہیں ۔ سپریم کورٹ نے جمعرات کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پبلک آرڈر، پولیس اور زمین جیسے موضوعات کو چھوڑ کر دہلی حکومت کے پاس دیگر خدمات کے سلسلے میں قانون سازی اور انتظامی اختیارات ہیں وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت میں بڑا انتظامی ردوبدل کیا جائے گا۔ انہوں نے عوامی کاموں میں ‘رکاوٹ’ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے خدمات کا محکمہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے کنٹرول میں تھا۔
جس کی وجہ سے لفٹننٹ گورنر اور دہلی سرکار میں ہمہ وقت رسہ کشی رہتی ہے۔ اب سپریم کورٹ کافیصلہ آجانے کے بعد دہلی حکومت پہلے سے بہت حد تک خود مختاری کے ساتھ کام کرپائے گی اور مرکز چور دروازے سے حکومت کے کاموں میں رخنہ اندازی نہیں کرسکے گی۔