پروفیسر احمد حسن دانش اور مولانا سید طاہر گیاوی: بہار کی دو عظیم شخصیات کے انتقال پر ملال
آج بہار کی دو عظیم شخصیتیں راہ عدم کو روانہ ہوئیں۔ نہ صرف بہار بلکہ پورا ملک سوگوار ہے۔ ہر طرف سے حزن و ملال کا اظہار کیا جارہا ہے۔ مجلس اتحاد المسلمین بہار کے صدر اور امور ودھان سبھا سے ایم ایل اے اختر الایمان نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو دنیا کے مشہور و معروف شاعر ، علم دوست ، علمی و ادبی حلقوں کے رفیق زہد و تقویٰ کے اعلیٰ معیار پر فائز بزرگ رحلت فرما گئے ۔ اس سے اردو دنیا کو بڑا خسارہ ہوا ہے۔ محترم سے میری طویل عرصے سے سناشائی تھی ۔ پروفیسر صاحب مجھے کافی عزیز رکھتے تھے۔ اللہ سے دعا ہے کہ ان کے پسماندگان کو صبر دے اور اردو دنیا کو اسکا نعم البدل عطاکرے۔ آمین
دوسری جانب مشہوبر عالم دین، مناظر ، اور ترجمان احناف کی وفات پر انہوں نے کہا کہ ہمیں مولانا سید طاہر گیاوی کے انتقال پر ملال ہے۔ حضرت ہمارے دینی و اخلاقی حلقوں میں کافی قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ مولانا کو اللہ نے غضب کا حافظہ اور بلا کی صلاحیت مناظرہ عطا کیا تھا ۔ دینی حلقوںمیں ایسے عالم دین بہت کم ہی ہیں۔ مولانا موصوف سے میرے ذاتی مراسم تھے اور وہ مجھے کافی عزیز رکھتے تھے۔
جناب اختر الایمان نے دونوں بزرگوں کے انتقال پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر صدمہ ہوا ہے۔ میں اللہ تعالیٰسے دعا گو ہوں کہ وہ ان دونوں بزرگوں کی لغزشوں کو معاف کرے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین