پٹنہ: معروف ماہرِ تعلیم اور کوچنگ ادارہ [ خان گلوبل ریسرچ] کے سربراہ فیصل خان المعروف "خان سر” نے پٹنہ کے ایک کوچنگ سنٹر میں فائرنگ کے معاملے میں درج ایف آئی آر کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لیے پیشگی ضمانت (اینٹیسیپیٹری بیل) حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے وکیل نے واضح کیا ہے کہ خان سر عدالت میں خود سپردگی نہیں کریں گے بلکہ قانونی تحفظ کے لیے پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پٹنہ کے قدم کنواں علاقے میں واقع ایک کوچنگ سنٹر میں فائرنگ کے واقعے کے سلسلے میں پولیس نے خان سر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، جس کے بعد ان کی ممکنہ گرفتاری کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے اور مقدمے کی تحقیقات جاری ہیں۔
خان سر کے وکیل اروند کمار مہوار نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے موکل عدالت میں سرنڈر نہیں کریں گے بلکہ 8 جون کو پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی طریقۂ کار کے تحت عدالت سے مناسب ریلیف حاصل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خان سر بہار سمیت ملک بھر میں مسابقتی امتحانات کی تیاری کرانے والے مقبول اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں۔ فائرنگ کے اس معاملے نے تعلیمی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے، جبکہ عدالت اور پولیس کی آئندہ کارروائی پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔