400 سے زائد خواتین نے کی شرکت، اسلام میں عورت کے مقام اور سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر علماء کے مؤثر خطابات
کشن گنج، 24 اگست: تنظیم ابنائے ندوہ کشن گنج کی نگرانی میں انجمن اسلامیہ کمیونٹی ہال، کشن گنج میں خواتین کے لیے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوا، جس میں تقریباً 400 خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام میں سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں کے ساتھ اسلام میں عورت کے مقام، خواتینِ اسلام کی قربانیوں اور ازواجِ مطہرات کے درمیان نبی کریم ﷺ کے عدل جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پروگرام کا آغاز مولانا ساجد ندوی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد مولانا ابو ریحان ندوی، قاری عبیداللہ مظاہری اور شاعر ابرار دانش نے یکے بعد دیگرے بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض مولانا شمیم ریاض ندوی نے انجام دیے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ فیض القرآن، ٹھکری باری کے مہتمم حضرت مولانا ممتاز مظاہری نے سیرتِ نبوی ﷺ کے تناظر میں خاندان اور معاشرے کی تعمیر میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک صالح اور پاکیزہ نسل کی تشکیل میں خواتین کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اولاد کی تربیت اور نسلوں کی تعمیر میں عورت کے اخلاق، کردار اور گھریلو ماحول کی بنیادی اہمیت ہے۔
مولانا فیض الرحمن ندوی، مہتمم جامعہ اسلامیہ کشن گنج، مولانا ابصار ندوی، مہتمم ادارہ ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ، مولانا اسعد ندوی اور مفتی نورالابصار مظاہری نے بھی سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر مؤثر اور فکر انگیز خطاب کیا۔
مقررین نے اسلام میں عورت کے مقام و مرتبے، خواتینِ اسلام کی دینی خدمات و قربانیوں، گھریلو زندگی میں نبی کریم ﷺ کے حسنِ معاشرت اور ازواجِ مطہرات کے درمیان آپ ﷺ کے عدل و انصاف سمیت متعدد اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔ مقررین نے خواتین پر زور دیا کہ وہ سیرتِ طیبہ کو اپنی عملی زندگی کا نمونہ بنائیں اور اپنے گھروں میں دینی، اخلاقی اور تربیتی ماحول کو فروغ دیں۔
پروگرام میں شہر کے متعدد علماء، ائمہ، معززین اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکاء میں مولانا ابوذر ندوی، مفتی نبیل ندوی، مولانا ابوسالک ندوی، مفتی شاہ نجم مظاہری، مولانا سہیل رحمانی ندوی، مولانا دلنواز ندوی، مولانا غلام ربانی ندوی، مولانا نور الحق سلیمی ندوی، مولانا انور رومانی ندوی، مولانا منظر ندوی، مولانا صفدر سعید ندوی، مولانا مشتاق ندوی، مولانا عبد الرحیم ندوی، مولانا حسان ندوی، مولانا اکرام الحق قاسمی، مفتی نظام الدین قاسمی، معروف مخیر مسلم بھائی اور مشہور تاجر جناب اخلاق صاحب سمیت دیگر شخصیات قابلِ ذکر ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر رقت آمیز دعا کی گئی، جس کے ساتھ یہ خصوصی سیرتی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔