تحریر : مسعود جاوید
بھائیو! تاریخ، دور قدیم اور دور وسطی کی نہیں انیسویں صدی یعنی ہندوستان میں انگریزی استعمار کی آمد کے بعد کی پڑھیں تو نہ صرف ہندو مسلم منافرت کے اسباب سمجھ میں آئیں گے بلکہ اویسی صاحب کی مسلم ووٹ بینک کی کوشش اور اس کے منفی نتائج بھی سمجھ میں آئیں گے ۔ علحدہ ووٹنگ ، مسلم لیگ کا قیام اور بالآخر قیام پاکستان کے لئے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کا انجام بھی سمجھ میں آئے گا۔
آزاد ہندوستان میں جب تک سیکولرازم کی جڑیں مضبوط رہیں ایوان پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں مسلمانوں کی نمائندگی معتد بہ رہی لیکن جب سے سیکولرازم کی بجائے مذہبی خطوط پر انتخابات لڑنے کی روش چلی اور مسلمانوں کو حاشیہ پر دھکیلنے کی سازش شروع ہوئی مسلمانوں کی نمائندگی بد سے بدتر ہوتی چلی گئی ۔
اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ نام نہاد سیکولر پارٹیوں میں ایسے عناصر بھی تھے اور ہیں جو مسلمانوں کے حقوق کے پس پردہ مخالف رہے۔ مثال کے طور پر مسلمانوں نے غیر مسلم بالخصوص یادو امیدوار کو ووٹ کیا لیکن غیر مسلم اکثریتی علاقوں میں، عموماً، مسلم امیدواروں کو غیر مسلم ووٹروں کے ووٹ نہیں ملے۔ تو کیا مسلم امیدوار صرف مسلمانوں کے ووٹ سے جیت کے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں تک پہنچ سکتے ہیں؟ ظاہر ہے نہیں ۔ کانگریس پارٹی کی موجودہ قیادت نے مسلمانوں کو حاشیہ پر دھکیلنے کے کھیل کو سمجھنا شروع کیا ہے۔ بہت سے کالے بھیڑیے ڈوبتی کشتی سے چھلانگ لگا چکے ہیں اور بہت سوں کو موجودہ قیادت نے باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔
ملک کا ماحول ایسا بنا دیا گیا ہے کہ لفظ مسلم کے استعمال سے سیاسی لیڈران گریز کرنے لگے۔ بڑی جرأت کی تو اقلیت کہہ کر جبرا فرض نبھا دیا ۔ تاہم اب حالات بدل رہے ہیں بالخصوص کانگریس پارٹی نے اس طرف توجہ دینی شروع کی ہے۔ لالٹین نے اپنا انجام دیکھ لیا ہے اب سائیکل کی باری ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہ مسلمانوں کو حسب تناسب نہیں کم از کم قابل ذکر نمائندگی دیتی ہے یا نہیں ۔
اویسی صاحب مسلم نمائندگی کے لئے مسلم امیدواروں کے خلاف اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے انجام کار مسلم ووٹ کی تقسیم حتمی ہے۔ یہ سب جذباتی نعرے ہیں کہ ہمیں پچیس نہیں پانچ اپنے مسلم ممبران چاہیے! جمہوری نظام میں سر گنے جاتے ہیں کسی بل کی منظور ی کے لئے ووٹنگ میں شعلہ بیان تقاریر نہیں عدد چاہیے ۔
اسی لئے ضروری ہے کہ مسلمان مذہبی لام بندی کی بجائے سیکولر پارٹیوں بالخصوص کانگریس سے متنفر ہونے کی بجائے مناسب نمائندگی کے لئے بات چیت کریں ۔ علاقائی پارٹیاں بالخصوص شمالی ہند میں کمزور ہو چکی ہیں ۔ صرف انتخابات کے وقت متحرک ہوتی ہیں اور پھر پانچ سال خواب خرگوش آن کا شیوہ ہو چکا ہے۔ ملک گیر سطح پر نہ کسی ایشو پر عوامی تحریک یا احتجاج جو جمہوریت کی نشانی ہے اس کے لئے میدان میں نہیں اترتی ہیں ۔
دوسری بات یہ ہے کہ مناسب نمائندگی کے لئے امیدواروں کو ٹکٹ کا مطالبہ کے ساتھ مسلم مسائل کو ان کے منشور میں شامل کرائیں۔
کانگریس اور دیگر سیکولر پارٹیوں کو احساس دلانا ہوگا کہ ہم آپ یا کسی اور امیدوار کو ووٹ دینے کے لئے مجبور نہیں ہیں ۔ ہم ہندوستان کے دستور میں دیۓ گۓ حقوق چاہتے ہیں اگر , بلا خوف اکثریتی فرقہ کے حقیقی یا میڈیائ بیانیہ کے سے مرعوب ہو کر ، آپ ہمارے جائز حقوق کی نہ صرف حمایت بلکہ اس کے لئے جدو جہد کی یقین دلاتے ہیں تو ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ورنہ نوٹا بھی ایک آپشن ہے۔ نوٹا اس لئے کہ ہم مذہبی لام بندی کی سیاست کو پسند نہیں کرتے۔
مسلمانوں کی اکثریت والے علاقوں کو نئی حدبندی کے قانون کے خلاف سیکولر پارٹیوں کو آگے آنا ہوگا ورنہ انجام کار نقصان ان کا بھی ہوگا ۔