کولمبو: ICC T20 World Cup 2026 کے سپر مرحلے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول اہم مقابلہ مسلسل بارش کے باعث بغیر کسی گیند کے منسوخ کر دیا گیا۔ میچ آر پریم داس اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، تاہم خراب موسم کے سبب کھیل کا آغاز ممکن نہ ہو سکا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، لیکن ٹاس کے فوری بعد بارش شروع ہوگئی اور میدان کو ڈھانپ دیا گیا۔ امپائرز نے طویل انتظار کے بعد حالات کا جائزہ لیا، مگر بارش نہ رکنے پر میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
چونکہ ایک بھی اوور نہیں کھیلا جا سکا، اس لیے ٹورنامنٹ قوانین کے تحت دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ سپر مرحلے میں پوائنٹس کی اہمیت کے پیش نظر یہ نتیجہ دونوں ٹیموں کے لیے دھچکے سے کم نہیں، کیونکہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ہر میچ فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق اب پاکستان اور نیوزی لینڈ کو اگلے میچز میں کامیابی یقینی بنانا ہوگی تاکہ سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم رکھ سکیں۔