نیوزی لینڈ کو فائنل میں 96 رن سے شکست، عالمی ریکارڈ قائم
احمد آباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رن سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تین مرتبہ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گیا۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رن کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کردیا، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ بھی ہے۔
ہندوستان کی جانب سے سنجو سیمسن نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 89 رن کی شاندار اننگ کھیلی، جس میں متعدد چھکے اور چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ ایشان کشن اور ابھیشیک شرما نے بھی تیز رفتار نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
256 رن کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار نظر آئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ پوری ٹیم 19 اوورز میں 159 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ نے 52 رن کی مزاحمتی اننگ کھیلی، تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
ہندوستان کے تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اکشر پٹیل نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان نے نہ صرف ایک اور عالمی خطاب اپنے نام کیا بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تیسری بار چیمپئن بن کر نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ اس سے قبل ہندوستان 2007 اور 2024 میں بھی یہ اعزاز حاصل کرچکا ہے۔