ڈاکٹر عمار رضوی کی رہائش گاہ پر تہنیتی ملاقات، باہمی رواداری کا اظہار
لکھنؤ: (ابوشحمہ انصاری)
عید الفطر کے پُرمسرت موقع پر آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی کی رہائش گاہ واقع گوتم پلی، حضرت گنج، لکھنؤ میں منعقدہ تہنیتی ملاقات نے سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی ایک خوشگوار تصویر پیش کی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں اور سبھی مذاہب سے تعلق رکھنے والے سرکردہ رہنماؤں کی شرکت نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ لکھنؤ سمیت قرب و جوار سے مبارکباد پیش کرنے والوں کا سلسلہ دیر رات تک جاری رہا۔
تفصیلات کے مطابق سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو، بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر لیڈر و سابق مرکزی وزیر ریتا بہوگنا جوشی اور اتر پردیش حکومت کے سینئر رہنما و وزیرِ خزانہ سریش کھنہ ڈاکٹر عمار رضوی کی رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے عید کی پُرخلوص مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سبھی مذاہب سے تعلق رکھنے والے قائدین نے کہا کہ عید الفطر محبت، اخوت اور باہمی رواداری کا پیغام دیتی ہے اور ایسے مواقع سماج میں اتحاد و ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں امن و امان اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں باہمی اعتماد کو فروغ دیتی ہیں اور معاشرے میں مثبت پیغام عام کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فورم سماجی انصاف، جمہوری اقدار اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس موقع پر سبھی مذاہب سے وابستہ متعدد سماجی و ادبی شخصیات کی بھی معزز شرکت رہی، جنہوں نے عید کی خوشیوں میں شریک ہو کر باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ تقریب اس حقیقت کی آئینہ دار بنی کہ اختلافِ رائے کے باوجود تہوار ایسے مواقع فراہم کرتے ہیں جہاں سب ایک دوسرے کے قریب آ کر محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں اور ایک مثبت و متحد معاشرے کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔یہ اطلاع آل انڈیا مائناریٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے شعبۂ نشر و اشاعت کے سیکریٹری ابوشحمہ انصاری نے فراہم کی۔