تمل ناڈو: وجے آج لیں گے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف، کانگریس کی شمولیت پر تذبذب برقرار

چنئی: تمل ناڈو کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ معروف فلم اداکار اور تملگا ویٹری کڑگم (TVK) کے سربراہ وجے آج وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ تقریبِ حلف برداری چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

حالیہ اسمبلی انتخابات میں ٹی وی کے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 234 رکنی اسمبلی میں 108 نشستیں حاصل کی تھیں۔ اگرچہ پارٹی اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل نہیں کر سکی، تاہم بعد میں مختلف جماعتوں کی حمایت سے وجے نے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کانگریس، آئی یو ایم ایل، وی سی کے، سی پی آئی اور سی پی ایم سمیت کئی جماعتوں کے ارکان نے ٹی وی کے کی حمایت کی ہے۔

دریں اثنا، نئی کابینہ میں کانگریس کے ارکان کو شامل کیے جانے یا نہ کیے جانے کو لے کر سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ کانگریس کے کسی رکن اسمبلی کو وزارت نہیں دی جائے گی، تاہم بعد کی رپورٹس میں دو کانگریسی اراکین کو کابینہ میں جگہ ملنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں حتمی صورتحال تقریبِ حلف برداری کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔

گورنر آر وی ارلیکر نے ہفتہ کے روز وجے کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی تھی۔ وجے کی قیادت میں بننے والی یہ حکومت اس اعتبار سے بھی اہم مانی جا رہی ہے کہ تمل ناڈو میں کئی دہائیوں بعد ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے علاوہ کوئی نئی سیاسی طاقت اقتدار میں آ رہی ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔