پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات 2026: بنگال میں اقتدار کی تبدیلی، آسام و پڈوچیری میں این ڈی اے برقرار، کیرالہ میں یو ڈی ایف کی واپسی

بنگال میں بی جے پی کی تاریخی کامیابی، تمل ناڈو میں نئی سیاسی قوت کا ابھار

نئی دہلی/سیل رواں):

مغربی بنگال، آسام، تمل ناڈو، کیرالم اور پڈوچیری میں منعقدہ اسمبلی انتخابات 2026 کے نتائج نے ملک کی سیاست میں اہم تبدیلیوں کا اشارہ دیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی پیر کی صبح شروع ہوئی اور دن بھر جاری رہنے کے بعد بیشتر ریاستوں کی سیاسی تصویر واضح ہو گئی۔

مغربی بنگال:

سب سے بڑا سیاسی الٹ پھیر مغربی بنگال میں دیکھنے کو ملا جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے طویل اقتدار کا خاتمہ کر دیا۔ بی جے پی نے واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جو ریاستی سیاست میں ایک تاریخی پیش رفت مانی جا رہی ہے۔

آسام:

آسام میں بی جے پی نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ حکومت سازی کی راہ ہموار کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کی قیادت میں پارٹی نے اینٹی انکمبنسی کے رجحان کو مات دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

تمل ناڈو:

تمل ناڈو میں روایتی سیاسی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلے کے ساتھ ایک نئی سیاسی طاقت کا ابھار دیکھنے میں آیا ہے۔ فلمی اداکار وجے کی قیادت میں نئی جماعت نے قابل ذکر کارکردگی دکھا کر ریاست کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔

کیرالم:

کیرالم میں کانگریس کی قیادت والے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) نے بائیں بازو کے اتحاد کو شکست دیتے ہوئے اقتدار میں واپسی کی راہ ہموار کی ہے، جس سے ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کا سلسلہ برقرار رہا۔

پڈوچیری:

پڈوچیری میں این آر کانگریس اور بی جے پی پر مشتمل قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے اکثریت حاصل کر کے اپنی حکومت برقرار رکھی ہے۔ وزیر اعلیٰ این رنگاسامی اپنی نشست بچانے میں کامیاب رہے۔

ان انتخابات کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ووٹرز نے مختلف سیاسی ترجیحات کا اظہار کیا ہے۔ کہیں تبدیلی کو ترجیح دی گئی تو کہیں تسلسل کو برقرار رکھا گیا۔ مبصرین کے مطابق یہ نتائج نہ صرف علاقائی سیاست بلکہ قومی سیاسی توازن پر بھی دور رس اثرات مرتب کریں گے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔