بھارتی عوام کو جمہوریت کی جیت مبارک: سید اشرف
نئ دہلی/نمائندہ سیل رواں
آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ کے قومی صدر اور ورلڈ صوفی فورم کے چیئرمین حضرت سید محمد اشرف کچھوچھوی نے حالیہ انتخابات کے نتائج کے بعد بھارت کی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج بھارت کی طاقتور جمہوریت کی جیت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں جس خوبصورتی کے ساتھ بغیر کسی تشدد کے اتنا بڑا انتخاب مکمل ہوا، یہ بھی بھارت کی جیت ہے۔ نفرت کو جس طرح سے ملک کی عوام نے مسترد کیا، وہ نفرت کے پجاریوں کو واضح پیغام ہے کہ یہ محبت کی سرزمین ہے۔ یہاں نفرت کی آندھی زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی۔ کچھ گرم ہوا کے تھپیڑے تو آ سکتے ہیں، لیکن محبت کی بارش اس کی تپش کو خوشگوار موسم میں بدل دے گی۔
حضرت نے کہا کہ حکومت کوئی بھی بنائے، یہ بڑا مسئلہ نہیں ہے، لیکن جو بڑی بات ہے وہ یہ ہے کہ ملک کی عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے، اس نے صاف کر دیا ہے کہ بٹوارے کی کوئی بات بھارت کے لوگوں کو منظور نہیں ہے۔ بھارت کے آئین میں کوئی تبدیلی بھی بھارت برداشت نہیں کرے گا۔
ہم امید کرتے ہیں کہ آنے والی حکومت ملک کی ہمہ جہت ترقی کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے فضول مسائل سے بچے گی کیونکہ مینڈیٹ واضح ہے کہ ملک کو کسی بھٹکانے والے مسئلے کی ضرورت نہیں ہے۔ ملک کی ایک ہی مانگ ہے: نوجوانوں کو روزگار، مہنگائی میں کمی، اور امن۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے لوگوں نے متحد ہو کر یہ فیصلہ دیا ہے کہ ملک کسی کو من مانی کا حق نہیں دیتا اور کسی طرح سے ایسے خیال کے ساتھ کھڑا نہیں ہوتا جو بھارت کی جمہوریت کو آمریت میں تبدیل کر سکے۔
مذہب، ذات پات اور علاقائیت کو نظرانداز کرتے ہوئے لوگوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ ہمیں بھارت کو جتوانا ہے اور اسے آگے بڑھانا ہے۔ آنے والی نئی حکومت کو نیک خواہشات، چاہے وہ کوئی بھی اتحاد بنائے، لیکن بھارت جیت چکا ہے۔