ممبئی: انگلینڈ کے آل راؤنڈر سیم کرنے نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے قبل کہا ہے کہ ان کی ٹیم ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں موجود بھارتی شائقین کو خاموش کرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل کا اہم مقابلہ 5 مارچ کو کھیلا جائے گا، جس کے لیے دونوں ٹیمیں پوری طرح تیار ہیں۔ میچ سے قبل پریس کانفرنس میں سیم کرن نے کہا کہ وانکھیڈے اسٹیڈیم کا ماحول ہمیشہ پرجوش اور شور سے بھرپور ہوتا ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ اگر انگلینڈ اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا تو میچ کے دوران اسٹیڈیم میں خاموشی چھا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی کرکٹر کے لیے یہ بڑی بات ہوتی ہے کہ وہ ،ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف بھارت کی سرزمین پر کھیلنے کا موقع حاصل کرے۔ ان کے مطابق وانکھیڑے کی پچ عموماً بیٹنگ کے لیے سازگار ہوتی ہے اور میدان کے چھوٹے سائز کے باعث ایک بڑے اسکور والا مقابلہ متوقع ہے۔
سیم کرن کے اس بیان نے آسٹریلیا کے کپتان پٹ کمنس کے اس بیان کی یاد تازہ کر دی ہے جو انہوں نے ورلڈ کپ فائنل 2023 سے قبل دیا تھا۔ اس وقت انہوں نے بھی بھارتی شائقین کو خاموش کرانے کی بات کہی تھی اور فائنل میں آسٹریلیا کی کامیابی کے بعد اسٹیڈیم میں واقعی سناٹا چھا گیا تھا۔
انگلینڈ کے آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم بھارتی حالات سے بخوبی واقف ہے کیونکہ کئی کھلاڑی یہاں بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں اور انڈین پریمیئر لیگ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ اس لیے ٹیم کو دباؤ کا کوئی خوف نہیں اور وہ سیمی فائنل میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ اس اہم مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرے گی۔