کرشن بہاری نور کی شاعری انسان کو صحیح راستے پر چلنے کی رہنمائی کرتی ہے: ڈاکٹر عمار رضوی

ہندی سنستھان میں معروف شاعر کرشن بہاری نور کی صد سالہ تقریب، کئی اہم شخصیات کی شرکت

لکھنؤ: اردو اور ہندی کے معروف شاعر کرشن بہاری نور کی پیدائش کی صد سالہ تقریب ہندی سنستھان کے نرالہ سبھاگار میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سابق کارگزار وزیرِ اعلیٰ اترپردیش اور آل انڈیا مائنارٹیز فورم فار ڈیموکریسی کے قومی صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ تقریب کی صدارت پروفیسر عباس رضا نیئر نے کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر عمار رضوی نے کرشن بہاری نور کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ حقیقی معنوں میں انسانیت کے پجاری اور ایک بہترین انسان تھے۔ ان کی شاعری محض جذبات کی ترجمانی نہیں کرتی بلکہ انسان کو صحیح راستے پر چلنے کی ترغیب اور رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے۔ ان کا ادبی سرمایہ آج بھی معاشرے میں انسانیت، اخلاق اور باہمی محبت کا پیغام عام کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

تقریب میں ممتاز ادیبوں اور دانشوروں نے کرشن بہاری نور کی ادبی و شعری خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی شخصیت اور فن کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔ تقریب میں ان کے اہلِ خانہ کے تمام افراد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اودے پرتاپ سنگھ، جیوتی سنہا، کنور ارون سنگھ، ڈاکٹر عصمت ملیح آبادی، اسلم اور دہلی سے تشریف لائے معروف شاعر و مقرر ڈاکٹر معین شاداب سمیت متعدد اہم ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے نامور شعرا نے شرکت کی اور اپنا کلام پیش کیا۔ مشاعرے میں کرشن بہاری نور کی یاد اور ان کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اردو و ہندی ادب کی مشترکہ روایت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔