جمعیۃ علماء کشن گنج کے زیرِ اہتمام ذمہ دارانِ مدارس کا تربیتی ورکشاپ

انتظامی امور، قانونی دستاویزات اور مالیاتی شفافیت پر عملی تربیت

کشن گنج/سیل رواں: عصرِ حاضر کے پیچیدہ تقاضوں اور دینی مدارس کو درپیش مختلف چیلنجز کے پیش نظر جمعیۃ علماء کشن گنج کے زیرِ اہتمام مدارسِ عربیہ کے ذمہ داران کے لیے ایک روزہ تربیتی و عملی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مدارس کے انتظامی امور کو بہتر بنانے، ضروری دستاویزات کی تکمیل اور مالیاتی نظام میں شفافیت پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

پروگرام کا آغاز قاری عبد الماجد کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ مولانا انظار قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ٹھاکر گنج بلاک، نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ نظامت کے فرائض مفتی مناظر نعمانی، جنرل سکریٹری رابطہ مدارس عربیہ اسلامیہ کشن گنج، نے انجام دیے۔

جمعیۃ علماء بہار کے صدر حضرت مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی نے تمہیدی گفتگو میں موجودہ حالات کے تناظر میں مدارس کے انتظامی نظام کو مضبوط بنانے اور ضروری قانونی دستاویزات کو منظم و مکمل رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے ذمہ داران کو انتظامی اور قانونی تقاضوں سے واقف ہونے کے ساتھ اپنے اداروں کے ریکارڈ کو بھی باقاعدہ اور محفوظ رکھنا چاہیے۔

شیخ الحدیث حضرت مولانا و مفتی صبیح اختر قاسمی، استاذِ حدیث جامعہ جلالیہ، ہوجائی آسام، نے خصوصی خطاب میں مدارسِ اسلامیہ کے تحفظ و استحکام کے حوالے سے گفتگو کی اور موجودہ دور میں اہلِ مدارس کی ذمہ داریوں کو واضح کیا۔

ورکشاپ کا نمایاں اور اہم سیشن مالیاتی امور اور حسابات کی شفافیت سے متعلق تھا۔ آسام سے تشریف لائے سی اے عاشق صاحب اور ان کے رفیقِ کار نے شرکاء کو مدارس کے حسابات کو حکومتی و انتظامی تقاضوں کے مطابق منظم رکھنے کے عملی طریقے بتائے۔ اس دوران کیش بک اور لیجر بک کی درست ترتیب، واؤچرز کی تیاری، مالیاتی ریکارڈ کی ترتیب و حفاظت سمیت مختلف امور کی عملی تربیت دی گئی۔ شرکاء سے عملی مشقیں بھی کرائی گئیں اور ان کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔

ورکشاپ کی کامیابی میں جمعیۃ علماء کشن گنج کے جنرل سکریٹری اور ذمہ دار دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا خالد انور قاسمی اور ان کے رفقاء کی محنت و کاوشیں نمایاں رہیں۔ پروگرام کے انتظامی امور میں مولانا فائز قاسمی، آرگنائزر جمعیۃ علماء بہار، مولانا دلنواز انجم ندوی، سکریٹری جمعیۃ علماء شہر کشن گنج، قاری ظفر، امام گاڑی بان محلہ کشن گنج، اور مولانا محمود، بیسک اسکاؤٹ ماسٹر جمعیۃ علماء کشن گنج، کی خدمات بھی قابلِ ذکر رہیں۔

شرکاء کے مطابق یہ ورکشاپ اپنی نوعیت کا ایک مفید اور عملی پروگرام تھا، جس میں محض نظری گفتگو کے بجائے مدارس کے روزمرہ انتظامی اور مالیاتی مسائل سے نمٹنے کے عملی طریقوں پر توجہ دی گئی۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔