مدرسہ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے وفد کی نتیش کمار سے ملاقات، اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ

پٹنہ، 16 اگست: مدرسہ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے چار رکنی وفد نے 16 اگست کو بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نیتیش کمار سے ملاقات کی اور ریاست کے مدارس کے اساتذہ کو گزشتہ چھ ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کے باعث درپیش شدید مالی مشکلات سے انہیں آگاہ کرایا۔

وفد نے نتیش کمار کو بتایا کہ مسلسل چھ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث مدارس کے اساتذہ اور ان کے اہل خانہ شدید معاشی پریشانیوں اور فاقہ کشی کی صورتِ حال سے دوچار ہیں۔ وفد نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کی صورتِ حال کبھی پیدا نہیں ہوئی تھی۔ وفد نے نتیش کمار کو یہ بھی یاد دلایا کہ ان کے دورِ حکومت میں مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا تھا، جسے مدرسہ اساتذہ آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وفد نے گزشتہ سال ستمبر 2025 میں مساوی مراعات کے مطالبے کو لے کر گردنی باغ، پٹنہ میں دیے گئے دھرنے کا بھی حوالہ دیا۔ وفد کے مطابق اس وقت یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ مدارس کے اساتذہ کے مسائل کو جلد حل کیا جائے گا، تاہم بعد کے حالات میں مسئلہ بدستور برقرار رہا۔ وفد نے کہا کہ نتیش کمار کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑنے کے بعد مدارس کے اساتذہ کو اپنی پریشانیوں کے حل کے لیے کوئی مؤثر سہارا نظر نہیں آ رہا ہے۔

وفد نے نتیش کمار کو اس سلسلے میں ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے وفد کی باتوں کو سنجیدگی سے سنا اور وفد کے سامنے موجود للن سراف کو ہدایت دی کہ وہ بہار کے وزیر خزانہ وجے کمار چودھری سے اس معاملے میں بات کریں اور مسئلے کے فوری حل کے لیے اقدامات کرائیں۔ انہوں نے مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوں کی جلد از جلد ادائیگی یقینی بنانے کی بات بھی کہی۔

وفد میں مہتاب عالم، الطاف حسین، مناظر الاسلام اور شفیع انصاری شامل تھے۔ وفد کے ارکان نے نیتیش کمار کی توجہ سے مسائل سننے اور فوری کارروائی کی ہدایت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔