مغربی بنگال کے اسکولوں میں "وندے ماترم” لازمی

کولکاتا: مغربی بنگال حکومت نے ریاست کے تمام سرکاری اور امداد یافتہ اسکولوں میں صبح کی اسمبلی کے دوران ’’وندے ماترم‘‘ گانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ محکمۂ تعلیم کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق آئندہ ہفتے سے تمام تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو روزانہ اسمبلی میں ’’وندے ماترم‘‘ گانا ہوگا۔

محکمۂ اسکولی تعلیم نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔

سرکاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صبح کی دعا اسمبلی کے دوران ’’وندے ماترم‘‘ کی اجتماعی پیش کش لازمی ہوگی، جبکہ اسکولوں سے اس عمل کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بیشتر اسکولوں میں قومی ترانہ ’’جن گن من‘‘ اور بعض اداروں میں ریاستی گیت بھی گایا جاتا تھا۔ نئے فیصلے کے بعد تعلیمی حلقوں میں اس کے طریقۂ کار اور اسمبلی کے دورانیے سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

حکومت کے اس فیصلے پر بعض حلقوں نے خیر مقدم کیا ہے اور اسے قومی جذبے کے فروغ کے لیے مثبت قدم قرار دیا ہے، جبکہ کچھ تنظیموں نے اس معاملے میں مزید وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔