پہلے روز مغربی بنگال کے 200 سے زائد نوجوان شریک، مفتی ڈاکٹر ساجد فلاحی کے شخصیت سازی، قیادت اور تنقیدی فکر پر خصوصی تربیتی سیشنز
اتردیناجپور/بنگال: جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام اور جمعیۃ علماء مغربی بنگال، بہار و آسام کے اشتراک سے ادارہ فیض القرآن، ٹھکری باڑی، ضلع اتردیناج پور (مغربی بنگال) میں سہ روزہ صوبائی پرسنالٹی ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگرام کا آج پروقار ماحول میں آغاز ہوا۔ افتتاحی نشست صبح 8 بجے شروع ہوئی، جس کی صدارت جمعیۃ علماء ضلع اتردیناج پور کے صدر اور ادارہ فیض القرآن کے شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی جسیر الدین صاحب دامت برکاتہم نے فرمائی۔
پروگرام کی تمہیدی گفتگو جمعیۃ علماء بہار کے صدر حضرت مولانا مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی دامت برکاتہم نے پیش کی۔ انہوں نے جمعیۃ علماء ہند کے افکار و نظریات، اس کی دینی، ملی، سماجی اور اصلاحی خدمات اور نوجوان نسل کی فکری و عملی تربیت کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
منتظمین کے مطابق سہ روزہ تربیتی پروگرام میں مغربی بنگال، بہار اور آسام کے نوجوانوں کو مرحلہ وار تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ پہلے روز مغربی بنگال کے مختلف علاقوں سے 200 سے زائد نوجوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ 16 ستمبر کو پروگرام کے دوسرے روز بہار سے 220 سے زائد نوجوانوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ 17 ستمبر کو اختتامی روز آسام سے 100 سے زائد نوجوان اس تربیتی پروگرام میں شریک ہوں گے۔
پروگرام میں خصوصی ٹرینر اور معروف موٹیویشنل اسپیکر حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر ساجد فلاحی صاحب نے نوجوانوں کی شخصیت سازی اور ان کی فکری و قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے حوالے سے مختلف خصوصی تربیتی سیشنز منعقد کیے۔ ان سیشنز میں پرسنالٹی ڈیولپمنٹ، لیڈر شپ، کریٹیکل تھنکنگ، ڈیپ ورک سیشن اور کیپیسیٹی بلڈنگ جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔ مقرر نے دور حاضر کے بدلتے ہوئے حالات، نوجوانوں کو درپیش فکری و عملی چیلنجز اور ان سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے خود اعتمادی، مثبت سوچ، منصوبہ بندی، وقت کی قدر، گہری توجہ اور قائدانہ صلاحیتوں کی اہمیت پر عملی انداز میں گفتگو کی۔
افتتاحی پروگرام میں جمعیۃ علماء ہند اور متعلقہ صوبائی و ضلعی ذمہ داران کے علاوہ ملک و صوبے کی متعدد مؤقر شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں حضرت مولانا مفتی ذاکر صاحب قاسمی، ناظم تنظیم جمعیۃ علماء ہند برائے شمالی ہند، حضرت مولانا مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی، صدر جمعیۃ علماء بہار، حضرت مولانا مفتی عبدالسلام صاحب، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مغربی بنگال، اور حضرت مولانا ممتاز عالم صاحب مظاہری، مہتمم ادارہ فیض القرآن ٹھکری باڑی و سرپرست جمعیۃ علماء ضلع اتردیناج پور** بطور خاص قابل ذکر ہیں۔
پروگرام کے انتظامی امور میں مولانا محمد شمس تبریز رحمانی، ناظم تنظیم جمعیۃ علماء بہار، مولانا محمد سلمان قاسمی، ناظم شعبہ جات جمعیۃ علماء بہار، مفتی محمد سرفراز رحمانی، پی ایم او کوآرڈینیٹر جمعیۃ علماء مغربی بنگال، حضرت مولانا مفتی واعظ الحق، نائب مہتمم ادارہ فیض القرآن ٹھکری باڑی، مفتی نصیر صاحب، خازن جمعیۃ علماء ضلع اتردیناج پور، مولانا اسلام الدین صاحب اور حافظ سیف الاسلام صاحب، جنرل سکریٹریان جمعیۃ علماء ضلع اتردیناج پور سمیت دیگر ذمہ داران و کارکنان نے نمایاں کردار ادا کیا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کی محض علمی تربیت کافی نہیں، بلکہ ان کے اندر خود اعتمادی، فیصلہ سازی، قائدانہ صلاحیت، تنقیدی و تجزیاتی فکر، مؤثر ابلاغ اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور پیدا کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر منعقد کیا جانے والا یہ سہ روزہ تربیتی پروگرام نوجوانوں کو دینی و ملی فکر کے ساتھ ساتھ عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تربیتی پروگرام مغربی بنگال، بہار اور آسام کے نوجوانوں میں تنظیمی شعور، قائدانہ صلاحیت، فکری پختگی اور عملی استعداد پیدا کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گا اور انہیں معاشرے کی تعمیر و اصلاح میں زیادہ فعال اور ذمہ دار کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرے گا۔