جمعیت علماء ضلع پورنیہ کے ذمہ داران کی اہم نشست، دینی تعلیمی بورڈ کی ضلعی کمیٹی تشکیل

مولانا حکیم الدین قاسمی کے دورۂ پورنیہ کے موقع پر 31 اگست کو جامع مسجد کربلا ہاٹ میں خصوصی پروگرام

پورنیہ، 13 اگست: جامعہ ملیہ اسلامیہ، سوسن باغ، شیشہ باڑی میں جمعیت علماء ضلع پورنیہ (مشرقی زون) کے ذمہ داران کی ایک اہم نشست صدرِ جمعیت علماء ضلع پورنیہ (مشرقی زون) مولانا امتیاز احمد قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں دینی تعلیمی بورڈ کی ضلعی کمیٹی کی تشکیل، سالانہ سیرتِ رسول ﷺ کوئز مقابلے اور جمعیت علماء ہند کے جنرل سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کے دورۂ پورنیہ کے حوالے سے مختلف اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس کے آغاز میں جمعیت علماء ہند کے اہم شعبہ دینی تعلیمی بورڈ کی ضلعی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے مفتی دانش انور قاسمی کو صدر، مولانا سعود احمد مظاہری کو جنرل سیکریٹری اور مولانا ناظر حسین قاسمی کو نائب سیکریٹری منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر دینی تعلیمی بورڈ کے زیرِ اہتمام مکاتب کے قیام اور دینی تعلیم کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ نو تشکیل شدہ کمیٹی نے اس مقصد کے لیے بھرپور جدوجہد اور عملی اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس کے بعد اجلاس میں سالانہ سیرتِ رسول ﷺ کوئز مقابلے کے انعقاد اور اس کے طریقۂ کار پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ گزشتہ کئی برسوں سے ضلع جمعیت علماء کشن گنج کے زیرِ اہتمام سیرت کوئز مقابلہ منعقد ہوتا آ رہا ہے۔ گزشتہ سال منعقدہ انعامی تقریب میں جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے شرکت کی تھی اور اس سرگرمی کو سراہتے ہوئے اس کا دائرہ وسیع کرنے اور سیمانچل کے دیگر اضلاع کو بھی اس میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

اجلاس میں اسی تجویز کو عملی شکل دینے کے سلسلے میں جمعیت علماء ضلع کشن گنج کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے سیرت کوئز مقابلے میں تعاون، ضلع پورنیہ (مشرقی زون) کے مدارس و اسکولوں کے طلبہ کی شرکت اور بلاک وار امتحانی مراکز کے قیام پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ باہمی مشاورت کے بعد مشرقی زون کے لیے پانچ امتحانی مراکز مقرر کیے گئے، جن میں ملی اسکول روٹا؛ جامعہ سیدنا عمر فاروق اورا نندنیاں، جامعہ حسینیہ ابھے پور/دارالعلوم مجگواں، ایکسلینٹ پبلک اسکول امور اور دارالعلوم زکریا بائسی شامل ہیں۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سیرت کوئز مقابلے کو طلبہ میں سیرتِ نبوی ﷺ سے واقفیت اور دینی شعور پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ مدارس و اسکولوں کے طلبہ کو اس میں شریک کیا جائے۔

اسی دوران جمعیت علماء ہند کے جنرل سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کے دورۂ پورنیہ کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔ بتایا گیا کہ مولانا حکیم الدین قاسمی 31 اگست، بروز پیر، ضلع پورنیہ تشریف لا رہے ہیں۔ ان کے دورے کے موقع پر ضلع کے مدارس کے ذمہ داران، علماء و حفاظ اور جمعیت علماء ضلع پورنیہ کے اراکین و ذمہ داران کے ساتھ خصوصی ملاقات اور نشست کا اہتمام کیا جائے گا۔

مشاورت کے بعد اس خصوصی پروگرام کے لیے جامع مسجد، کربلا ہاٹ، روٹا کا انتخاب کیا گیا۔ پروگرام میں جمعیت علماء ہند کے مختلف شعبہ جات، بالخصوص دینی تعلیمی بورڈ کا تعارف پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مدارس کو درپیش موجودہ مسائل و خطرات، مکاتب کے قیام کی اہمیت و ضرورت اور دینی تعلیم کے فروغ جیسے اہم موضوعات پر بھی گفتگو ہوگی۔

اجلاس میں جمعیت علماء ضلع پورنیہ (مشرقی زون) کے صدر مولانا امتیاز قاسمی، سکریٹری مولانا ابوصالح قاسمی، ناظم تنظیم و ترقی مولانا عارف حسین ندوی، جامعہ ملیہ اسلامیہ سوسن باغ کے ناظم مفتی قیصر عالم قاسمی، جمعیت علماء ضلع پورنیہ کے نائب سیکریٹری مفتی عبدالغنی قاسمی، جامعہ سیدنا عمر فاروق نندنیاں کے قاری نجم السحر اعظمی، مدرسہ عربیہ نندیاں کے مولانا حماد قاسمی، مدرسہ تجوید القرآن کھاڑھی کے مولانا شمس قمر قاسمی، مولانا توقیر عابدی قاسمی، مفتی دانش انور قاسمی، مولانا ناظر حسین قاسمی، ملی اسکول روٹا کے مولانا سعود احمد اور مجگواں کے مولانا عادل، مولانا منظر ندوی اقرا نیشنل اکیڈمی خوشحال پور، محمد صدام حسین نعمانی ایجوکیشن اکیڈمی، حافظ محمد شاکر سلتا سمیت مختلف مدارس و اداروں کے ناظمین و مہتممین، علماء اور دیگر اہلِ دانش نے شرکت کی۔

اجلاس کے اختتام پر شرکا نے 31 اگست کو ہونے والے خصوصی پروگرام سمیت دیگر طے شدہ سرگرمیوں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تیاری، باہمی تعاون اور مسلسل رابطے کا عزم ظاہر کیا۔ اس سلسلے میں مدارس کے ذمہ داران، علماء و حفاظ اور دیگر متعلقہ افراد سے رابطے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔