کولکاتا: مغربی بنگال کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے شوبھیندو ادھیکاری کو ریاست کا اگلا وزیر اعلیٰ نامزد کردیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کولکاتا میں منعقدہ بی جے پی مقننہ پارٹی کی میٹنگ کے بعد اعلان کیا کہ شوبھیندو ادھیکاری متفقہ طور پر پارٹی کے لیڈر منتخب کیے گئے ہیں اور وہ مغربی بنگال کے پہلے بی جے پی وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 294 رکنی اسمبلی میں واضح اکثریت اپنے نام کی ہے، جب کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کو سخت شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی مغربی بنگال میں پہلی بار بی جے پی کی حکومت قائم ہونے جارہی ہے۔
شوبھیندو ادھیکاری کا شمار کبھی ممتا بنرجی کے قریبی رفقا میں ہوتا تھا۔ نندی گرام تحریک کے دوران ان کا کردار خاصا اہم رہا، تاہم بعد میں انہوں نے ترنمول کانگریس سے علاحدگی اختیار کرکے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ 2021 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے نندی گرام سیٹ پر ممتا بنرجی کو شکست دے کر قومی سطح پر سیاسی شہرت حاصل کی تھی۔
امت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مغربی بنگال کے عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے اور نئی حکومت ریاست کو ترقی اور بہتر نظم و نسق کی راہ پر گامزن کرے گی۔ ذرائع کے مطابق نئی حکومت کی حلف برداری تقریب آئندہ چند دنوں میں منعقد ہوگی۔