پاکستان کی سنسنی خیز فتح بھی کام نہ آئی، ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک اہم مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ حاصل نہ کر پانے کے باعث پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ فخر زمان نے 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 176 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے ضروری تھا کہ وہ سری لنکا کو 147 رنز سے پہلے آؤٹ کر دے تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر ہو سکے، لیکن سری لنکن ٹیم نے 16ویں اوور میں ہی 147 رنز کا ہندسہ عبور کر لیا، جس کے ساتھ ہی پاکستان کی سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں ختم ہوگئیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا اور پون رتھنائیکے نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ رتھنائیکے نے 37 گیندوں پر 58 رنز جبکہ شناکا نے 31 گیندوں پر 76 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، تاہم آخری اوور میں 28 رنز درکار ہونے کے باوجود سری لنکن ٹیم ہدف حاصل نہ کر سکی اور پاکستان نے 5 رنز سے کامیابی اپنے نام کر لی۔

اس نتیجے کے بعد گروپ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئے جبکہ پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اوپر تک سکرول کریں۔